جب تک جسم میں جان باقی ہے حرمین شریفین پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیرمولاناعبدالخالق

منگل 5 مئی 2015 19:44

جب تک جسم میں جان باقی ہے حرمین شریفین پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،جمعیت ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر مولاناعبدالخالق جمعے کو تحریک تحفظ حرمین شریفین کے تحت نکلنے والی ریلی کے انتظامات اور تیاریوں کاجائزہ لینے کے لئے کراچی پہنچ گئے،کراچی ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لئے آنے والے رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک جسم میں جان باقی ہے حرمین شریفین پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،جمعے کو ریلی کے ذریعے عالم استعمار کو بتادیناچاہتے ہیں کہ اسلامیان پاکستان تحفظ حرمین شریفین کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایاکہ تحریک تحفظ حرمین شریفین میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین ریلی میں شرکت اور خطاب کریں گے،ریلی گرومندر تاتبت سینٹر نکلے گی جہاں قائدین کے خطابات ہوں گے۔

(جاری ہے)

مولاناعبدالخالق نے اپنے خطاب میں کہاکہ حوثی باغیوں کو کچلنے کے لئے پاک فوج کو فوراً سعودی عرب روانہ کیاجائے، عالم اسلام باالخصوص حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے پاک فوج جوبھی اقدامات کرے گی ،قوم ان کابھرپورساتھ دے گی۔

انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے پاکستان کابچہ بچہ اپنی جانوں کی بازی لگادے گا لیکن حرمت کعبہ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، سعودی عرب اسلام کا محورومرکز ہے اور اس کے ساتھ ہماری جذباتی وابستگی ہے اسلام کے محورومرکزکا مکمل تحفظ کریں گے اور اس کے لئے اگر جان بھی قربان کرنے کی ضرورت پڑی تو اس سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ سعودی عرب حکومت ہمارے ہر مشکل وقت میں کام آئی ہے، ہمیں بھی آج برے وقت میں ان کی بھرپورمددکرنی چاہئے، حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے،پاکستان مسلم اتحاد کا حصہ ضروربنے اور یمن باغیوں کو سبق سکھانے کے لئے پاکستانی فوج ضرور سعودی عرب بھیجے،انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام ملک بھر میں حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل ہے، اور تحریک تحفظ حرمین شریفین کے ہراول دستے کا کرداراداکررہی ہے جس کے تحت سعودی عرب کے تحفظ کے لئے بھرپورتحریک چلائی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ انشاء اﷲ حکومت پاکستان کو راضی کریں گے کہ یمنی باغیوں کو کچلنے کے لئے افواج پاکستان کو سعودی عرب بھیجے اور وقت پڑنے پر پاکستانی ایٹم بم کو بھی دشمنان اسلام کے خلاف استعمال کرے، حرمین شریفین کے ساتھ ہمارے دل دھڑکتے ہیں، ان کی حرمت پر اس سے پہلے کہ کوئی آنچ آئے اپنی جانیں قربان کردیں گے اور جولوگ یمنی باغیوں کو کچلنے کی مخالفت کررہے ہیں وہ جواب دیں کہ وزیرستان میں ڈرون حملوں پر کیوں خاموش تھے؟۔

انہوں نے کہاکہ یمنی باغیوں کی سرکوبی کے لئے عالم اسلام کے متحدہوجائے اور اسلام کے محورومرکزپر ہونے والے حملوں کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرکے باغیوں کی دراندازی کے تمام راستے بند کردیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جمعے کو نکلنے والی تحفظ حرمین شریفین ریلی میں بھرپورشرکت کریں اور دنیاکوبتادیں پاکستان کے مسلمان اپنے قبلہ وکعبہ کے تحفظ کے لئے کسی اقدام سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

متعلقہ عنوان :