حافظ آباد،ڈی پی او شاکر حسین داوڑ کا صحافیوں کے ہمراہ شہر کے مختلف بازاروں دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

منگل 5 مئی 2015 19:40

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)ڈی پی او شاکر حسین داوڑ کا صحافیوں کے ہمراہ شہر کے مختلف بازاروں اور کاروباری مراکز کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ بہتر حفاظتی انتظامات نہ کرنے اور خفیہ سکیورٹی کیمرے نہ لگانے والی مارکیٹوں کے صدور اور کاروباری اداروں کے مالکان کو حفاظتی انتظامات کی فوری ہدایت۔ سینئر وائس چیئرمین پریس کلب چودھری امتیاز احمد تاج،وائس چیئرمین پریس کلب ملک ہمایوں شہزاد، ایگزیکٹو ممبر پریس کلب وفنانس سیکرٹری سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی رانا محمد ارشد انجم، مظہر وڑائچ،قیصر ندیم ساقی بھی اُنکے ہمراہ تھے۔

ڈی پی او نے لاری وویگن اسٹینڈز،مارکیٹوں،بڑے کاروباری مراکز اور بینکوں کے حفاظتی انتظامات چیک کئے اس موقع پر انہوں نے تاجر رہنماؤں اور اداروں کی انتظامیہ سے کہا کہ چار دن کے اندر سکیورٹی انتظامات بہتر اور شارٹ سرکٹ کیمرے نہ لگانے والے اداروں ،مارکیٹوں،بینکوں اور لاری اڈوں کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتار کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہری حلقوں کے نمائندگان نے بھی ڈی پی او سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی امن وامان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ سکیورٹی گارڈز کو پولیس انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ ویمرجنسی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نتائج کیلئے ضروری ہے کہ شہریوں اور پولیس کے مابین فاصلے ختم کرکے انہیں ایک دوسرے کا معاون بنایا جائے کیونکہ سول سوسائٹی کے تعاون کے بغیر پولیس کی کامیابی ممکن نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کا خاتمہ میری اوّلین ترجیح ہے اور بڑے سے بڑے منشیات فروشوں کو بھی ہر حال میں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے مجرموں کو قابو کریں گے تو چھوٹے خود بخود بھاگ جائیں گے۔