پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات میں آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ریلی

آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے ذمہ دارانہ رویہ لازم ہے ،انچارج ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشینہ سلیم

منگل 5 مئی 2015 19:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کے زیر اہتمام آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے پلے کارڈ اور بینر ز اٹھا رکھے تھے جن پر صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لئے نعرے درج تھے۔ریلی میں انچارج طلبہ امور ادارہ علوم ابلاغیات شبیر سرور، سیماب فر بخاری، شفیق کمبوہ اور دیگر فکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا، اساتذہ اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کی انچارج ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کہ آزادی صحافت کو یقینی بنانے کے لئے ذمہ دارانہ رویہ لازم ہے اور صحافی تنظیمیں اور میڈیا کے ادارے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں صرف ان ممالک نے ترقی کی جہاں صحافتی آزادی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سنسنی خیزی ، بریکنگ نیوز کی دوڑاور ریٹنگ حاصل کرنے کی کشمکش صحافت کے لئے سب سے بڑاخطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو اپنے اندر تبدیلی لانا ہوگی اور خود کو بہتر بنانا ہوگاتاکہ میڈیا معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکے اور اسی کے ذریعے آزادی صحافت کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر شبیر سرور کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت کاعالمی دن ہمیں صحافیوں کی قربانیوں کی یاد دلانے کے لئے منایا جاتا ہے جن میں پاکستانی صحافیوں کی لازوال قربانیاں سر فہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال آزادی صحافت کے عالمی دن کا مقصد صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :