12مئی کو صوبے بھر میں شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دئیے جائیں گے، چیئرمین امیر بھنبھرو کا اجلاس سے خطاب

منگل 5 مئی 2015 18:57

حیدرآباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) سندھ نیشنل پارٹی کی جانب سے 12 مئی کو سندھ بھر میں دھرنہ دینے اور احتجاجی مظاھرے کرنے کا اعلان ، سندھ اسمبلی نے بھارتی ایجنٹ اور برطانوی شہری الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرکے نہ صرف سندھ دشمنی کا ثبوت دیا ھے بلکہ6کروڑ سندھیوں کے دیئے ہوئے مینڈیٹ کی بھی توہین ھے۔ یہ بات سندھ نیشنل پارٹی کے چیئرمین امیر بھنبھرو نے پارٹی کے مرکزی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس نیشنل ہاؤس حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ جس میں مرکزی رہنماؤں اشرف نوناری ، رمضان بلیدی،دلشاد بھٹو،سائیں بخش بنگلانی، ڈاکٹر عظمیٰ جوکھیو، نصراﷲ ابڑو ،امیرقمبرانی،منظورجمالی،اخترسندھی،علی بخش مگسی و دیگر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس متفقہ طور پر کراچی میں کامیاب رینجرز آپریشن پر رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر بھنبھرو نے کہا کہ سندھ اسمبلی اس ملک کی ماں ہے ۔ جنہوں نے قرار داد پاکستان کی صورت میں اس ملک کی بنیاد ڈالی مگر آج اسی سندھ اسمبلی نے ملک اور سندھ دشمن الطاف حسین کے خلاف قرارداد منظور کرکے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ملک کے لئے طالبان سے بھی زیادہ خطرناک ہے ۔ ایک سانحہ کی ذمے داری قبول کرنے کے بعد حکومت اس مذہبی جماعت پر پابندی لگاتی ھے ۔

مگر ایم کیو ایم کراچی کے تمام سانحات کی ذمے دار ہے جس کا خود ایم کیو ایم کے گرفتار ٹارگٹ کلرز اور خود متحدہ کے قائد الطاف حسین نے بھی اعتراف کیا ہے ۔ پھر ایم کیو ایم پر پابندی کیوں نہیں لگائی جاتی ؟ سندھ کی تقسیم اور ملک توڑنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ یہ ملک سندھیوں نے بنایا اور اس کا تحفظ بھی سندھی کرینگے۔ انہوں نے کہا کے پی پی ایم کیو ایم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا نہ دے ورنہ وہ بھی ڈوب جائینگے ۔سندھ نیشنل پارٹی 12 مئی 2007ع کے بے گناھ شہیدوں کے خون کو انصاف دلانے اور ایم کیو ایم کی دہشتگردی کے خلاف 12 مئی کو سندھ بھر میں احتجاجی دھرنے دے گی اور مظاہرے کرے گی ۔