صبروتحمل،برداشت اور درگزر کو اپناشعار بنائے ہوئے ہیں، ہم نفرت کے بجائے محبت اور تصادم کے بجائے افہام وتفہیم کوفروغ دے رہے ہیں،عوامی رابطہ مہم کے موقع پرسلیم ترابی کا خطاب

منگل 5 مئی 2015 18:57

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺگلبہارکے چیئرمین ،ممتازقومی اور سماجی رہنمامحمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاہے کہ صبروتحمل،برداشت اور درگزر کو اپناشعار بنائے ہوئے ہیں، ہم نفرت کے بجائے محبت اور تصادم کے بجائے افہام وتفہیم کوفروغ دے رہے ہیں کہاہے کہ رجب کا نصف مہینہ گزرچکاہے اور شب معراج میں چند دن باقی ہیں ،عوام اہلسنّت حنفی بریلوی صاحبان اقتداراور صاحبان اختیارکی کارکردگی پر نظر ڈالتے ہیں تو نتیجہ صفر نظر آتاہے جو ناقابل برداشت ہے اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو سخت ترین احتجاج کرنے پر مجبورکررہاہے، مگر ہم اﷲ تبارک وتعالیٰ سے منسوب مہینے میں احتجاج کے بجائے عبادت کو ترجیح دینے پر یقین وایمان رکھتے ہیں،وہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے زیراہتمام ہونے والے اہلسنّت کنونشن کے سلسلے میں جاری عوامی رابطہ مہم کاجائزہ لینے کے لئے ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران کارکنان اہلسنّت حنفی بریلوی کے اجتماعات سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر سیدعباس علی ارشاد، محمدشکیل قاسمی، ناصر حسین خان، عبدالوحیدیونس نورانی، حاجی مرزامحمدمبین بیگ، سیدرضوان حیدرزیدی، فیضان شہزاد، صاحبزادہ محمدصادق قریشی اور محمدآصف خان نقشبندی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

محمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ ہم صبروتحمل،برداشت اور درگزر کو اپناشعار بنائے ہوئے ہیں، ہم نفرت کے بجائے محبت اور تصادم کے بجائے افہام وتفہیم کوفروغ دے رہے ہیں، ہم پاکستان کے موجودہ حالات پر بھی گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں ہم پاکستان کی مسلح افواج کے مسائل کو بھی اچھی طرح سمجھتے ہیں اسی لئے ہم مسلح افواج، رینجرز،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ ہرممکنہ تعاون بھی کرتے ہیں اور ان کی جان ومال ،عزت آبروکی حفاظت کے لئے بھی دعاگوہیں، انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے بنیادی حقوق فراہم کرنے والے تمام حکومتی محکموں کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرتے آئے ہیں، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ حکومتی ادارے ہمارے ساتھ ہی تعاون کرنے سے گریزاں ہیں، محمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ ساری دنیاجانتی ہے کہ شب معراج پر اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کو برقی قمقموں سے سجایاجاتاہے اور نمازعصر سے نمازفجر تک حضورنبی کریم حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کے غلام عبادتوں میں مصروف ہوتے ہیں مگر کے الیکٹرک کے مالکان کا رویہ سال کے 365والاہی ہوتاہے، لوڈشیڈنگ کے معمول میں کوئی فرق نہیں پڑتا،یہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی پر ظلم نہیں تواورکیاہے، اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کے راستوں میں گٹرابلتے رہتے ہیں اور گندے پانی کے جوہڑ واٹر اینڈ سیویریج بورڈکی کارکردگی کا منہ چڑاتے ہیں، اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کے اطراف صفائی کا فقدان ہے، ہر طرف گندگی کے انبارلگے ہوئے ہیں، بلدیاتی ادارے صرف برائے نام موجودہیں ،ماہ رجب میں کثرت سے معراج النبی ﷺ سے منسوب میلادشریف کی محافل ہوتی ہیں جس کی این اوسی اجازت نامے حاصل کرنے میں دردرکی ٹھوکریں کھانے پڑتے ہیں،ہم تو یہ سب ظلم ،جبر،زیادتی اور ناانصافی برداشت کرتے آئے ہیں ،مزیدبرداشت برداشت کرلیں گے، لیکن ہمارے بچے ان سب باتوں کو محسوس کرتے ہوئے جذباتی ہورہے ہیں اور ہامرے قابوسے باہر ہوتے جارہے ہیں، اہلسنّت کنونشن ان نوجوانوں کوایک منزل کی راہ کاتعین کرنے میں بڑامعاون ثابت ہوگا۔

ہم اہلسنّت کنونشن میں حکومت کے تمام اداروں سے وابستہ ذمہ داران کو مدعوکرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ ہرسرکاری محکمے میں بیٹھے لوگوں کے جذبات کومحسوس کرسکیں،ہمارے لئے اسلامی جمہوریہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی امانت ہے، اس کی حفاظت کرناہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور اس کی خدمت کو تحریک پاکستان کے شہداء سے وفاکا درجہ دیتے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہم ہر ظلم وزیادتی ،جبر ،ناانصافی اور زیادتی کو برداشت کرسکتے ہیں لیکن پاکستان کی سلامتی اور مسلح افواج کی عزت اور حرمت پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

محمدسلیم خان قادری ترابی نے کے الیکٹرک کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے جذبات کا خیال رکھیں اور شب معراج کے موقع پر لوڈشیدنگ نہ کرنے کا کھلااعلان کریں،پولیس انتظامیہ اور قانون نافزکرنے والے دیگر ادارے شب معراج کے سلسلے میں اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں، بلدیاتی ادارے اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کے اطراف صفائی کے اقدامات کو ذمہ داری سے دیکھیں اور واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ذمہ داران نکاسی ء آب کے نظام پر خصوصی توجہ دیں اورپینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں،شب معراج کے سلسلے میں ہونے والے اجتماعات کے اجازت نامے فوری طورپر جاری کئے جائیں، محمدسلیم خان قادری ترابی نے کارکنان وعوام اہلسنّت حنفی بریلوی سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ خدائے بزرگ وبرتر کی بارگاہ میں حاضری کے وقت پاکستان کی سلامتی استحکام ترقی اور خوشحالی کے لئے ضروربالضروردعاکریں۔

مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے ذمہ داران حکومتی اداروں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے لئے اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی سطح پر دورکنی کمیٹیاں تشکیل دیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کو میلادالائنس کی جانب سے اعزازی اور یادگاری شیلڈز اور اسناد دی جائیں گی۔