اوکاڑہ، ایس ایچ او تھانہ صدر کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

منگل 5 مئی 2015 18:45

اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) ایس ایچ او تھانہ صدر اوکاڑہ کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے ڈکیت گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار۔ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے ساہیوال جیل منتقل کر دیا گیا۔واردات کھوجیوں کے کھرا رواں کرنے کی وجہ سے ٹریس ہوئی۔ڈی پی او نے کھرا رواں کرنے والے کھوجیوں کو نقد انعامات دئیے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ فیصل رانا نے صحافیوں کو بتایا کہ تھانہ صدر اوکاڑہ کے ایس ایچ او انسپکٹر مہر محمد اسماعیل کو گشت کے دوران سرکاری گاڑی پر فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو اسکے ساتھی سمیت پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ملزمان کے خلاف تھانہ صدر اوکاڑہ میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ دونوں گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے سنٹرل جیل ساہیوال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ملزمان کی شناخت ہو گی جسکے بعد انہیں جیل سے طلب کروا کے تفتیش کے لئے لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کہا کہ سرکاری گاڑی پر فائرنگ اور ایس ایچ او کے زخمی ہونے کی واردات کو ٹریس کرنا پولیس کے لئے ایک چیلنج تھا یہ واردات دو کھو جیوں کی مہارت کی وجہ سے ٹریس ہوئی۔

کھوجیوں نے کھرا رواں کر کے اس مقام پر پہنچا دیا جہاں پر ملزمان واردات کے بعد پہنچے اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ رکھا۔پولیس نے اسلحہ تو واردات کے فوری بعد کھوجیوں کی مہارت کے باعث بر آمد کر لیا۔جبکہ ملزمان کی گرفتاری گزشتہ روز ہوئی جن کا تعلق ڈکیت گینگ سے بتایا جاتا ہے جبکہ گرفتار ہونے والا ایک ملزم ڈکیت گینگ کا سرغنہ بھی ہو سکتا ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ جن دو کھو جیوں امیر علی اور محمد سعدی نے پولیس کی بر وقت مدد کر کے کھرا رواں کر کے واردات ٹریس کروائی انہیں میں نے دفتر بلا کر پانچ پانچ ہزار روپے انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس دئیے ہیں۔ڈی پی او نے کہا کہ اس واردات کے ٹریس ہونے سے ایک بات کا ثبوت مل گیا ہے کہ اگر پولیس افسران واردات کے فوری بعد کھوجیوں کی مدد لے کر واردات ٹریس کریں تو بڑی سے بڑی واردات ٹریس ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :