تجارت کش پالیسیاں بیمارمعیشت کیلئے بدشگون ہیں،شیخ اشرف منیر

منگل 5 مئی 2015 18:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) قومی تاجر اتحاد لاہورکے ممتازرہنمااورانجمن تاجران مست اقبال روڈ کے صدرشیخ اشرف منیر نے کہا ہے کہ حکومت آئی سی یومیں پڑی معیشت کوزندہ درگورنہ کرے ۔تجارت کش اورٹریڈرزدشمن پالیسیاں بیمارمعیشت کیلئے بدشگون ہیں ،ٹریڈرزکودیوار کے ساتھ لگانے کی بجائے انہیں ریلیف دیا جائے ۔دکانداروں کے ساتھ روزانہ کی بنیادپرہونیوالی ڈکتیوں کے اعدادوشمار حدسے تجاوزکرگئے ہیں،حکومت پولیس کو کاروباری مراکزبندکرانے کی بجائے ٹریڈرزاورکاروباری مراکز کی حفاظت کیلئے استعمال کرے ۔

زیادہ دیرتک اورمحفوظ کاروبارہونے کامطلب ہے زیادہ ٹیکس اکٹھاہونا ،حکمران اپنانہیں توریاست کے مفادات کاکچھ خیال کریں۔وہ فردوس پارک میں ٹریڈرز کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

شیخ اشرف منیر نے مزید کہا کہ بچت وہاں ہوتی ہے جہاں صارف یاطلب نہ ہو۔پاکستان میں بجلی کے کروڑوں صارفین موجود ہیں مگرانہیں بجلی دستیاب نہیں ہے۔حکمران دکانوں کی زبردستی بندش کی بجائے قومی ضروریات کے مطابق بجلی پیداجبکہ اس کے نرخوں میں خاطرخواہ کمی کریں ۔ دکانوں کی بندش سے بجلی بچانے کی سوچ احمقانہ اورعاقبت نااندیشانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں پرشب خون مارنے کی صورت میں معیشت ٹیک آف نہیں کرے گی ۔