امریکہ میں گستاخانہ خاکے بنانے کامقابلہ انتہائی قابل مذمت ہے،انبیاء کرام کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت ہے،آزادیٔ اظہار کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کومجروح کیاجارہاہے

امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر کا بیان

منگل 5 مئی 2015 18:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمدجنجوعہ نے امریکہ میں گستاخانہ خاکے بنانے کے مقابلے کے انعقاد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کفار سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچارہے ہیں۔اس سے پہلے بھی ڈنمارک، ناروے،جرمنی اور امریکہ میں ایسے گھناؤنے اور توہین آمیزواقعات رونما ہوچکے ہیں۔

انبیاء کرام کی شان اقدس میں کستاخی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔انبیاء ؑ کی توہین کرنے والے دنیا میں صلیبی جنگ کا آغاز چاہتے ہیں۔یہ مغربی ممالک کی انتہاء پسندی ہے۔امریکہ اور مغربی ممالک اپنی انتہاء پسندی کی وجہ سے دنیاکاامن خطرے میں پڑگیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کروانے پر امریکی ذمہ داران کے خلاف بھرپور اندازمیں آواز اقوام متحدہ میں اٹھائے۔

انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات رونماکر کے یہود ونصاریٰ مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کو للکار رہے ہیں۔جب تک ان دشمنوں کومنہ توڑ جواب نہیں دیاجائے گا یہ باز آنے والے نہیں۔گستاخانہ خاکوں کامعاملہ ایسا ہے مسلمان خواہ کتناہی کمزورایمان کی حالت میں ہومرمٹنے پرتیار کھڑاہے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کے تمام مسلم ممالک یک جان ہوکر کفار کامقابلہ کریں۔

آزادیٔ اظہار رائے کی آڑ میں دنیا کاامن تباہ وبرباد کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ کفار چاروں اطراف سے مسلمانوں پر حملہ آور ہیں ان کامقابلہ کرنے کے لئے امت مسلمہ کومتحد ہوناہوگا۔دشمن عناصرمسلمانوں کی صفوں میں انتشار اور نااتفاقی پیداکرکے ہمیں اندرسے کمزورکررہے ہیں۔ ان عناصر کاقلع قمع ناگزیر ہوچکاہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آفاقی اور برحق دین ہے جو پیارمحبت اور بھائی چارے کادرس دیتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ انبیاء کرام کے تقدس کا احترام کرتے ہوئے ایسے قوانین بنائے جائیں جن سے کسی کے مذہبی جذبات کوٹھیس نہ پہنچے اور اس سلسلے میں تمام مسلم ممالک کو اپناکرداراداکرناہوگا۔