سٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشنکا وزیر اعلیٰ پنجاب سے موسم گرماکی تعطیلات پر تعلیمی اداروں کو تین ماہ کی اکٹھی فیسوں کی وصولی سے روکنے کی اپیل

منگل 5 مئی 2015 18:40

جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) سٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئر مین چوہدری عبداللطیف سہو نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف سے موسم گرماکی تعطیلات کے موقع پر سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو تین ماہ کی اکٹھی فیسوں کی وصولی سے روکنے کی اپیل کی ہے تاکہ کمر توڑ مہنگائی کے دور میں غریب گھرانوں کے بچوں پر سکولز انتظامیہ کی جانب سے عرصہ حیات تنگ کرنے اور سفید پوش ، متوسط و ڈیلی ویجز افراد کو اضافی مالی بوجھ سے بچایاجاسکے۔

میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے گزشتہ دو ر حکومت میں محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے ذریعے تمام سرکاری ، پرائیویٹ ، نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کو حکم دیاگیا تھاکہ وہ یکم جون سے شروع ہونے والی موسم گرماکی تعطیلات کے باعث تین ماہ کی اکٹھی پیشگی فیسیں وصول کرنے سے اجتناب کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ابھی موسم گرما کی تعطیلات شروع ہونے میں کم از کم ایک ماہ کاعرصہ باقی ہے مگر فیصل آباد ڈویژن سمیت دیگر شہروں کے پرائیویٹ و نجی تعلیمی اداروں کے مالکان نے بچوں کو تین ماہ کی ایڈوانس فیسیں جمع کروانے کیلئے مجبور کرناشروع کردیاہے جبکہ ہزاروں روپے کے اضافی مالی بوجھ کے باعث غریب ، متوسط ، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ، لاکھوں والدین کی رات کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ بااثر پرائیویٹ ایجوکیشن مافیا نے تعلیم کو ملک کا سب سے زیادہ منافع دینے والا اور محفوظ کاروبار بنا لیاہے اور یہ مافیا اس قدر طاقتور ہے کہ وہ محکمہ تعلیم سمیت دیگر ارباب اختیار کاکوئی حکم ماننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ نجی و پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھلے عام قواعد وضوابط کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں مگر کوئی ان پر ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہ کرپارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر غریب والدین مذکورہ پرائیویٹ ایجوکیشن مافیا سے موسم گرماکی تعطیلات کی تین ماہ کی فیسوں کی ہرماہ اقساط میں وصولی کی گزارش کرتے ہیں تو انہیں ڈھٹائی کے ساتھ بے عزت کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فروغ تعلیم کیلئے کوشاں خادم اعلیٰ پنجاب مذکورہ صورتحال کافوری نوٹس لیں گے اور سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو موسم گرماکی تین ماہ کی تعطیلات کی اکٹھی فیسیں وصول کرنے سے روکنے کیلئے سخت احکامات جاری کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :