کالا باغ ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر فوری تعمیر نہ کئے گئے تو زراعت تباہ اور عوام پینے کے پانی کو بھی ترس جائیں گے ،چیئرمین پاکستان کسان ویلفیئرکونسل چوہدری عبداللطیف

منگل 5 مئی 2015 18:40

جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر کی فوری تعمیر وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے ٰلہٰذااگر سیاسی ، علاقائی، فروعی، لسانی و دیگر تعصبات ختم کر کے ڈیم کی تعمیر شروع نہ کی گئی تو زراعت تباہ اور عوام پینے کے پانی کو بھی ترس جائیں گے ۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کو انا ء کا مسئلہ نہ بنایا جائے اور اگر اس کے نام پر کسی کو اعتراض ہے تو اس کا نام نیلا ، پیلا ، لال یا کوئی اور ڈیم رکھ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت نے تمام دریاؤں پر ڈیم بنا کر پاکستان کو بنجر بنانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جس پر امریکہ ، اسرائیل اور بعض دیگر طاقتوں کی مالی معاونت سے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور درجنوں چھوٹے بڑے ڈیم بنائے جا رہے ہیں لیکن دوسری طرف بھاری کی آبی جارحیت کا جواب دینے کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ پہلے ہی انتہائی بدحالی کا شکار ہے جبکہ رہی سہی کسر پانی کی کمی ، توانائی کے بحران اور زرعی مداخل کی قیمتوں میں اضافہ نے پور ی کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار زراعت کے شعبہ کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں جس کا نتیجہ خشک سالی اور غذائی کمی کی صورت میں سامنے آئے گا۔انہوں نے حکومت سے زرعی ترقی کیلئے فوری اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔