Live Updates

عمران خان کی سیاسی جدوجہد نے کرپٹ اور مفاد پرست مافیا کو بے نقاب کر دیا ہے،عمران اسماعیل

تحریک انصاف کی عوامی جدوجہدنے پاکستان میں ایک بار پھر نظریاتی سیاست کو پروان چڑھایا ہے ،وفد سے گفتگو

منگل 5 مئی 2015 17:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ چیئر مین عمران خان کی سیاسی جدوجہد نے کرپٹ اور مفاد پرست مافیا کو بے نقاب کر دیا ہے ۔ تحریک انصاف کی عوامی جدوجہدنے پاکستان میں ایک بار پھر نظریاتی سیاست کو پروان چڑھایا ہے ، عوامی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سیل کراچی کے دفتر میں پیپلز پارٹی کے سابق یوسی ناظم شیر شاہ ، شبیر خان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر کراچی ریجن کے جنرل سیکریٹری عزیز خان آفریدی، ایم پی اے خرم شیر زمان، ہمایوں خان سواتی ، خورشید انقلابی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ نظریاتی کارکنان کے لئے تحریک انصاف کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ، تحریک انصاف لسانیت اور مسلک سے بالا تر ہو کر پاکستان کے بقاء و سلامتی اور ملک کی ترقی کے لئے عملی جدو جہد کر رہی ہے اس وقت پوری قوم کی نظریں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر لگی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں نے کرپشن ، لوٹ ماراور اقرباء پر وری کی انتہا کردی ہے اس موروثی سیاست کے خاتمے کے لئے عوام جوق در جوق تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہی ہے ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سابق یو سی ناظم شبیر خان نے اپنی سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شبیر خان نے مزید کہا کہ جب میں ناظم تھا میں نے اپنے علاقے کے عوام کی بلا تفریق خدمت کی ہے اور یہی وجہ تھی کہ علاقے کے عوام کے بے حد اسرار پر اور پیپلز پارٹی کے عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے آج غیر مشروط طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو رہا ہوں۔

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی قیادت میں عوام کے حقوق کے حصول کے لئے اپنا سیاسی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل ، عزیز خان آفریدی ، ایم پی اے خرم شیر زمان اور دیگر رہنماؤں نے شبیر خان کی ساتھیوں سمیت شمولیت پر مبارکباد دی ، تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہاکہ شبیر خان کی شمولیت اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور چیئر مین عمران خان کی سچائی پر مبنی سیاسی جدو جہد جلد رنگ لائے گی ۔کرپٹ اور دھاندلی زدہ حکمران بہت جلد اپنے منتقی انجام کو پہنچے گی اور 2015ء نئے انتخابات کا سال ہوگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات