این ڈی ایم اے کی طرف سے نیپال کے لئے امدادی کارروائیاں جاری

مزید دو C-130طیارے بھجوادئے، امداد میں 700خیمے اور 400کلو گرام دوائیاں شامل ہیں

منگل 5 مئی 2015 17:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)این ڈی ایم اے نے نیپال کے زلزلہ زدگان کیلئے ریلیف آپریشن جاری رکھتے ہوئے ۔مزید دو C-130طیارے بھجوائے۔انسانی ہمدردی پر مشتمل اس امداد میں 700خیمے اور 400کلو گرام دوائیاں شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے نیپال کے زلزلہ زدگان کی ضرورت کے پیش نظر اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ان کی ہر ممکن ہنگامی طور پر رہائشی ضروریات کو پورا کیا جائے۔

(جاری ہے)

اب تک امداد پہنچانے کے لئے آٹھ C-130طیارے بھیجے گئے۔اس امداد میں 30بستروں کا آرمی کا فیلڈ ہسپتال بمعہ فیلڈ ڈاکٹرز اور عملہ ، 30افراد پر مشتمل آرمی USARٹیم بمعہ ضروری سامان ، دوائیں اور مختلف قومیت کے لوگوں اور بیرونی سیاحوں کے لئے 3000تیار کھانے کے پیکٹ ، 1550خیمے، 215معیاری کھانے کے پیکٹ(بشمول چاول ، خشک دودھ، بسکٹس، چینی، گھی/تیل، ٹی بیگز، ماچس، نمک وغیرہ ) اور 1000 کمبل شامل ہیں۔