سی این جی سیکٹر تباہ، ارباب اختیار چین کی بانسری بجا رہے ہیں،لاڈلوں کو گیس دینے کیلئے عوام کا استحصال کیا جا رہا،حکومت کی سردمہری سمجھ سے بالا تر ہے،چوروں کو نوازنے کی پالیسی قبول نہیں کرینگے

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین کیپٹن (ر) شجاع انور کابیان

منگل 5 مئی 2015 17:30

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین کیپٹن (ر) شجاع انور نے کہا ہے کہ سی این جی سیکٹر تباہ ہو رہا ہے جبکہ ارباب اختیار چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ پنجاب میں سی این جی شعبہ میں کی گئی تین سو ارب کی سرمایہ کاری ڈوب رہی ہے جبکہ حکومت کی سردمہری برقرار ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے،چوروں کو نوازنے کی پالیسی قبول نہیں کرینگے۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چند لاڈلوں کو گیس دینے کی خاطر کروڑوں عوام اور سی این جی مالکان کا استحصال کیا جا رہا ہے جو سب سے زیادہ ٹیرف اور ٹیکس دیتے ہیں۔ بااثر شعبوں کو غیر قانونی گیس کی سپلائی جاری ہے جبکہ جنکا حق ہے انھیں محروم رکھا جا رہا ہے ۔کیپٹن شجاع انور نے کہا کہ سی این جی کے کاروبار کو جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے تاکہ بعض افراد کو فائدہ دیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ سی این جی ملاکان دیوالیہ ہو گئے ہیں اور اب انکے پاس کسی کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے۔ چوروں کو نوازنے کی پالیسی قبول نہیں کرینگے۔ چند افراد کے مفادات کیلئے ایل این جی کی امپورٹ کا ناکام بنا نے والے ملک و قوم سے دشمنی کر رہے ہیں۔