متروکہ وقف املاک بورڈ کے گریڈ 16کے آٹھ افسران کو برطرف کرنے سے روک دیا گیا ،شوکاز نوٹس معطل

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26جون کو جواب طلب کر لیا

منگل 5 مئی 2015 17:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے گریڈ 16کے آٹھ افسران کو برطرف کرنے سے روکتے ہوئے جاری کئے گئے شوکاز نوٹس معطل کر دئیے،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق سے 26جون کو جواب طلب کر لیاگیا۔ گزشتہ روز جسٹس محمد قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر انہیں چار سال قبل نوکریوں پر مستقل کیا گیا تھا مگر متروکہ وقف املاک بورڈ کے موجودہ چیئرمین صدیق الفاروق نے انہیں نوکریوں سے برطرف کر نے کے لئے شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

قانون کے برعکس نوکریوں سے برطرف کیا جانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ معزز عدالت نے درخواست گزاروں کا موقف سننے کے بعد بورڈ کے گریڈ 16کے آٹھ افسران کو برطرف کرنے سے روکتے ہوئے جاری کئے گئے شوکاز نوٹس معطل کر دئیے۔ جبکہ عدالت نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کو 26جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔