فراڈ کیس ‘پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز چوہدری کو 13مئی تک ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا آخری موقع

اگر اعجاز چوہدری کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع نہ کرائے گئے تو ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے‘ بینکنگ کورٹ کے ریمارکس

منگل 5 مئی 2015 17:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) بینکنگ کورٹ لاہور نے فراڈ کیس میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری کو 13مئی تک ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا ۔

(جاری ہے)

نجی بینک سے 5کروڑ روپے قرضہ لے کر واپس نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز احمد چوہدری کے خلاف ایف آئی نے بینک کی درخواست پر مقدمہ درج کر رکھا ہے تاہم بینکنگ جرائم کورٹ نے قرضہ واپس کرنے کی یقین دہانی پر اعجاز چوہدری کی پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

گزشتہ روز دوروان سماعت ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود اعجاز احمد چوہدری نے ابھی تک 5لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کروائے۔ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے والے ملزمان ضمانت کا حق محفوظ نہیں رکھتے ۔ عدالت نے اعجاز چوہدری کو 13مئی تک ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا آخری موقع دے دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا ۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر اعجاز چوہدری کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع نہ کرائے گئے تو ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے۔