الطاف حسین کا فوج کیخلاف بیان افسوسناک ہے، قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی بیان کی مذمت

الطاف حسین کے بیان پر قانونی کاروائی کی جائے گی ٗکمیٹی کا فیصلہ الطاف حسین کے بیان پر آئی ایس پی آر کا موقف ہی ہمارا موقف ہے ٗسیکرٹری دفاع عالم خٹک

منگل 5 مئی 2015 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے الطاف حسین کے پاک فوج سے متعلق بیان کی تحقیقات کرکے سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ کمیٹی میں الطاف حسین کے بیان کیخلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ الطاف حسین کے بیان پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔منگل کو یہاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس چیئرمین شیخ روحیل اصغر کی صدارت میں ہوا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ الطاف حسین کا فوج کیخلاف بیان افسوسناک ہے، موجودہ حالات میں اس قسم کا بیان نہیں آنا چاہیے تھا،اچھی بات ہے کہ انہوں نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے،، ایم کیو ایم کے رکن سنجے پروانی نے کہا کہ یہ اس معاملے کے لئے مناسب فورم نہیں قائمہ کمیٹی نے نیپا ل میں امدادی کاروائیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین بھی پیش کیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ نیپال حکومت نے بھی پاک فوج کی امدادی کاروائیوں کو سراہا ہے ۔

(جاری ہے)

سیکریٹری دفاع جنرل (ر) عالم خٹک نے قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں الطاف حسین کی جانب سے پاک فوج اور کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے خلاف بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔عالم خٹک نے کہا کہ الطاف حسین کے بیان پر آئی ایس پی آر کا موقف ہی ہمارا موقف ہے۔