گھروں اور کمرشل اداروں میں انسداد ڈینگی بارے آگہی مہم کو تیز کیا جائے ‘ مہر اشتیاق احمد

منگل 5 مئی 2015 16:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی مہر اشتیا ق احمد نے کہا ہے کہ سمن آباد ٹاؤن میں واقع تمام دفاترکمرشل اداروں اور گھروں میں انسداد ڈینگی بارے آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اس ضمن میں جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے،احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف ڈینگی قوانین کے تحت مقدمات درج کروائے جائیں۔

انہوں نے یہ بات یہاں سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن(مانیٹرنگ) ، ٹاؤن میونسپل آفیسر ملک امتیاز اعوان اور میاں طارق کے علاوہ محکمہ صحت ، تعلیم، واسا، سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی، پی ایچ اے اور ایل ڈی کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہر اشتیاق احمد نے کہا کہ ٹاؤن کی حدود میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور کسی بھی جگہ پانی کھڑا نظر آنے کی صورت میں اس کی فوری نکاسی کا فوری بندوبست کیا جائے۔

محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ان کے پاس 31فوگر اور آئی آر ایس کرنے والی پلاسٹک کی 125اور سٹیل باڈی کی 40مشینیں درست حالت میں موجود ہیں۔ جنہیں روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتہ کے دوران محکمہ نے 11315 ان ڈورجبکہ 10300آؤٹ ڈور جگہوں کو چیک کیا ہے اور 20جگہوں پر لاروا پائے جانے پر اسے تلف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 197گھروں میں آئی آر ایس کیا گیا ہے۔

اجلاس میں موجود یونین کونسلوں کے سیکرٹریز نے بتایا کہ ٹاؤن کی حدود میں واقع قبرستانوں کو 73بار ، کباڑخانوں کو 221بار جبکہ ٹائر شاپس کو 215بار چیک کرچکے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ 4یوم کے اندر شیرا کوٹ اور شاہین آباد ڈرین کو کلیر کر کے رپورٹ کریں۔ انہوں نے واسا حکام پر زور دیا کہ وہ ٹاؤن کے حدود میں واقع تمام مین ہولز کے ڈھکن چیک کریں اور ٹوٹے ہوئے ڈھکنوں کو فوری تبدیل کریں۔

محکمہ تعلیم کے حکام نے رپورٹ پیش کی کہ وہ باقاعدگی سے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے دورے کررہے ہیں اور سکولوں میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی بارے شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک ہفتہ کے دوران 29واکس کا انعقاد کرچکے ہیں۔ مہر اشتیاق احمد نے محکمہ ہائرایجوکیشن کے نمائندہ کی اجلاس سے مسلسل غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ سیکرٹری کو ذمہ دار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :