کراچی، عوام پانی کیلئے پریشان ہیں، سید آصف حسنین

منگل 5 مئی 2015 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) حق پرست رکن قومی اسمبلی سید آصف حسنین نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے ادارے خود کو عوام کا خادم سمجھتے ہوئے اپنے فرائض کو ایمانداری سے انجام دیں اور عوام کو پریشان کرنا چھوڑدیں ورنہ وہ پھر خود کو عوام کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں کے سامنے کڑے احتساب کے لئے تیار رکھیں اگر عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی کا سلسلہ اس ہی طرح برقرار رہا تو متعلقہ اداراوں اور ان کے ذمہ داروں سے کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

کراچی بھر میں عوام کو اس وقت دو ہی مسائل سب سے زیادہ درپیش ہیں ایک پانی کی کمی اور دوسرا سیوریج کی نکاسی کا نظام اور ان دونوں کی حالت بہت بری ہو چکی ہے ۔زیادہ تر علاقوں میں سیوریج لائینیں چوک ہوچکی ہیں اور ان کی صفائی کے حوالے سے بھی مناسب بندوبست نہیں کیا گیا ہے جو صحیح نہیں ہے اس کے علاوہ عوام کی جانب سے جو شکایات واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے حوالے سے کی گئی تھی ان پر آج تک عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے یہ عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی چاہے کوئی بھی اقدام اٹھانا پڑے ان مسئلوں کو حل کرنا ہو گا کیونکہ عوام پریشان ہیں پانی کا حال یہ ہے کہ جن علاقوں میں پانی آتا تھا وہاں پر بھی پانی کی فراہمی متاثر ہوچکی ہے لوگ پانی کے لئے پریشان ہیں اور ان کی داد رسی نہیں ہورہی ۔

حق پرست رکن قومی اسمبلی سید آصف حسنین نے مزید کہا کہ جون/ جولائی میں یہ مسئلہ اور شدت اختیار کر جائے گا اس لئے ضروری ہے کہ ان تمام مسائل کو جلد از جلد حل کر لیا جائے تا کہ عوام کی پریشانی کا خاتمہ ہوسکے ۔واٹر بورڈ عوامی مسائل کے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہو ئے عملی اقدامات کرے محض زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے حکام سے اپنے دفتر میں عوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے کسی بھی مسئلے کے حل کیلئے ان سے خواتین مرکز پر قائم عوامی شکایتی مرکز پررابطہ کر کے اپنی شکایات/مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :