126 دن کنٹینر پر کھڑے ہو کر سچ پر ڈٹارہا اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ،عمران خان

منگل 5 مئی 2015 16:27

کوہستان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 126 دن کنٹینر پر کھڑے ہو کر سچ پر ڈٹارہا اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ہے،اللہ تعالیٰ سب کو آزمائش میں ڈالتا ہے جو سچ پر کھڑا رہتا ہے وہی سرخرو ہوتا ہے،مجھے قومی اسمبلی میں ذلیل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عزت دینے والا اللہ تعالیٰ کی ذات ہے،اقتدار میں آ کر تعلیم کیلئے جہاد کروں گا،ملک میں غریب اور امیر کیلئے یکساں نصاب تعلیم قائم کریں گے اور مفت تعلیم کا نظام رائج کریں گے،خیبر پختونخواہ کی پولیس پر فخرہے ان کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کریں گے ،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کوہستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

عمران خان نے کہا کہ 126 دن کنٹینر پر کھڑے ہوکر سچ بات کرتا رہا جو گزشتہ رات اللہ تعالی نے مجھے سرخرو کیا ہے،مجھے قومی اسمبلی میں ذلیل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عزت دینے والا اللہ تعالیٰ کی ذات ہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑے بڑے فرعون بیٹھے ہیں ان سب کا مقابلہ کرنا ہے ،کارکن یاد رکھیں کبھی مایوس نہ ہوں ،اللہ تعالیٰ سب کو آزمائش میں ڈالتا ہے لیکن ہمیشہ سچ پر ڈٹے رہو۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں تعلیم کیلئے جہاد جاری رکھوں گا،خیبر پختونخواہ میں پولیس پر فخر ہے ان کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کریں گے،خیبر پختونخواہ میں تبدیلی پر عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اقتدار میں آ کر غریب اور امیر کے بچوں کو یکساں تعلیم نظام دیں گے ،علم حاصل کرنا فرض ہے ،ہم بچوں پر ظلم کرتے ہیں ان کو تعلیم نہیں دیتے،یورپ میں بہترین تعلیمی نظام قائم ہے، وہاں کے لوگوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن یہاں پر الٹا نظام قائم ہے،یہاں تعلیم کو مہنگا کر دیا گیا ہے اور صرف اورصری امیروں کے لئے تعلیم حاصل کرنا آسان ہے غریبوں کو تعلیم سے دور کر دیا گیا ہے،یہاں پر غریبوں کے بچے اوپر نہیں آ سکتے اور امیروں کے بچے بیرون ملک مزے سے زندگی گزار رہے ہیں،عمران خان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے، میں نے کبھی اپنی ذاتی کے لئے کچھ نہیں مانگا ہے ،خیبر پختونخواہ میں سب سے زیادہ خرچ تعلیم پر کررہے ہیں اور آئندہ بھی بجٹ کا سب سے زیادہ حصہ کالجز اور یونیورسٹیوں پر خرچ کریں گے،عمران خان نے کہا کہ ایک عورت پڑھی لکھی ہوتی ہے تو پورا خاندان پڑھا لکھا ہوتا ہے،میری ماں پڑھی لکھی اور مجھے تعلیم دلوائی ،میرے والد کے پاس ٹائم بھی نہیں ہوتا تھا ،سارا دن کمانے کے لئے گھر سے باہر رہتے تھے اور ماں مجھے تعلیم حاصل کروائی ،اگر میں تعلیم یافتہ نہ ہوتا تو یہاں نہیں ہوتا ،آج کو عزت ملی ہے وہ صرف اور صرف ماں کی بدولت ہے۔

انہوں نے کہا کہ این اے125 میں کامیابی حاصل ہوگئی ہے اور آئندہ ان کامیابیوں کا سفر شروع ہو چکا ہے ،اب جتنے بھی حلقے کھلتے جائیں گے دھاندلی سب کے سامنے نظر آتی جائے گی ،عوام سے کہتا ہوں کہ وہ الیکشن کیلئے تیاری شروع کردیں2015 عام انتخابات کا سال ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کا سال ہے