ہائیکورٹ بار نے مفصل وکلاء کی لائف ممبر شپ فیس8ہزار سے کم کر کے 5ہزار روپے کرنے کی متفقہ منظوری دیدی

منگل 5 مئی 2015 15:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس نے مفصل وکلاء کی لائف ممبر شپ فیس8ہزار سے کم کر کے 5ہزار روپے کرنے کی متفقہ منظوری دیدی ۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرپیر مسعود چشتی کی زیرِ صدارت جنرل ہاؤس کا اجلاس منعقد ہوا۔ جو امتیاز حسین خان بلوچ، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی پیش کردہ قرارداد برائے کمی مفصل لائف ممبر شپ فیس اور ٹچ سکرین کمپیوٹرز ڈیمونسٹریشن کے حوالہ سے ممبران کو آگاہ کرنے کیلئے طلب کیا گیا۔

اجلاس میں نائب صدرلاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنمحمد عرفان عارف شیخ ،سیکرٹری بیرسٹر محمد احمد قیوم ،فنانس سیکرٹری سید اختر حسین شیرازی کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بیرسٹر محمد احمد قیوم سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے امتیاز حسین خان بلوچ ایڈووکیٹ کو اپنی قرارداد ہاؤس کے سامنے پیش کرنے کی دعوت دی ۔

(جاری ہے)

صدر لاہور ہائیکورٹ بار پیر محمد مسعود چشتی اور نائب صدر ایم عرفان عارف شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام ممبران کے نمائندہ ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ معزز ممبران کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

انہوں نے مفصل وکلاء کیلئے لائف ممبر شپ فیس کم کرنے کے حوالہ سے ہاؤس سے تجاویز طلب کیں۔ اجلاس سے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ ،ممبر پاکستان بار کونسل چوہدری محمد رمضان ممبر پنجاب بار کونسل ، سید علی ریاض کرمانی ، نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ایم عرفان عارف شیخ اور نادر سلطان میرالی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی مالی حالت مخدوش ہے اور معزز ممبران کی سہولت کیلئے میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر قائم ہے جہاں معیاری ادویات مہیا کی جاتی ہیں جدید لیبارٹری، ایکسرے یونٹ کے علاوہ ڈینٹل یونٹ بھی موجود ہے۔

ڈسپنسری کے اخراجات کے علاوہ لائبریری اور ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کرنے کیلئے فنڈز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ بار کے مخیر ممبران اگر ایک دفعہ بار کے فنڈز میں حسب استطاعت حصہ ڈالیں تو بار مالی لحاظ سے خودکفیل ہو سکتی ہے۔ سید علی ریاض کرمانی ممبر پنجاب بار کونسل نے تجویز دی کہ بار وکالت ناموں پر بار کو ٹکٹ بیچنے چاہتے ہیں ۔

اس تجویز کو بھاری اکثریت نے منظور کیا۔ اجلاس کے بعد بیرسٹر محمد احمد قیوم سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وکلاء صاحبان کو ٹچ سکرین کمپیوٹر سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے ڈیمونسٹریشن دی۔ انہوں نے معزز ممبران کو بتایا کہ بار کے کمپیوٹرز میں قانون سے متعلق تازہ ترین اور اپ ٹو ڈیٹ مواد موجود ہے جس سے وکلاء صاحبان بھر پور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔