بدین ، مرزا فارم کی طرف جانے والے تمام راستے سیل ، ذوالفقار مرزا کا گھیراؤ تنگ، گرفتار کرنے کا فیصلہ

منگل 5 مئی 2015 15:19

بدین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) بدین کے مرزا فارم کی طرف جانے والے تمام راستے بکتر بند گاڑیوں اور پولیس موبائل کھڑی کرکے بند کردیئے گئے، ذوالفقار مرزا کا گھیراؤ تنگ کرکے گرفتار کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح سے ہی بدین کے 3 تھانوں کی پولیس اور 12 سے 15 بکتر بند گاڑیاں اور 20 سے زائد پولیس موبائلوں کے ذریعے مرزا فارم کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں اور 100 کے قریب پولیس اہلکار مقرر کردیئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مرزا فارم پر مختلف مقدمات میں ملوث ملزمان موجود ہیں جن کی گرفتاری کیلئے آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ دوسری جانب پولیس کے اس عمل پر مرزا فارم پر موجود ڈاکٹر ذوالفقار مرزا خود مرزا فارم کے مین گیٹ پر کرسی رکھ کر بیٹھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ہاتھ میں رائفل بھی موجود ہے۔ وہ کہہ رہے کہ مقابلے کیلئے تیار ہوں جبکہ مرزا کے حامیوں نے روتے ہوئے واپس فارم میں جانے کیلئے منتیں کررہے تھے لیکن ڈاکٹر ذوالفقار مرزا مین گیٹ پر موجود ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مرزا فارم پر کسی بھی وقت بڑے آپریشن کے امکانات موجود ہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی طرف سے اپنے وکیل اشرف سموں کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کراچی رزاق آباد سے اسپیشل پولیس فورس کی 12 سے 15 گاڑیاں مرزا فارم بدین پر آپریشن کیلئے روانہ کردی گئی ہیں۔

ادھر سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے اور مرزا فارم پر فائرنگ کی گئی ہے۔ میڈیا سے با ت چیت کر تے ہو ئے انہو ں نے کہا کہ میری 6 مئی تک سندھ ہائی کورٹ سے مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے اس کے باوجود ضمانت کی تاریخ ختم ہونے سے قبل مجھے گرفتار کیا گیا تو یہ عمل توہین عدالت کے زمرے میں آئے گا جس کے ذمہ دار ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی بدین، ایس ایس پی ٹھٹھہ، ایس پی تنڈو محمد خان، ایس ایس پی سجاول اور آئی جی سندھ ہوں گے

متعلقہ عنوان :