دھرنوں نے اہم قومی منصوبوں کا دھڑن تختہ کر دیا، شہباز شریف

منگل 5 مئی 2015 13:40

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دھرنوں نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا جس کی وجہ سے اہم قومی منصوبوں کا دھڑن تختہ ہوا۔بہاولپور میں پاکستان کے پہلے شمسی توانائی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دھرنوں کے باعث چین کے صدر کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار ہوا، دھرنوں نے قوم کے قیمتی مہینے ضائع کئے، راولپنڈی اسلام آباد میٹرومنصوبے سمیت متعدد قومی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے لیکن دن رات محنت سے کوئی مشکل اب مشکل نہیں رہے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ملکی تاریخ کیلئے ایک عظیم دن ہے، ایک سال قبل وزیراعظم نواز شریف نے شمسی توانائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا لیکن دن رات کی محنت سے چین کے تعاون ایک سال سے بھی قلیل مدت میں یہ شمسی توانائی کا منصوبہ مکمل کیا گیا اور آج یہ منصوبہ شمسی توانائی سے بجلی فراہم کر رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ شمسی توانائی منصوبے کا دنیا کے کسی بھی منصوبے سے مقابلہ کرسکتے ہیں، چین کے تعاون سے شمسی توانائی کے 900 میگاواٹ کے پلانٹ نصب ہوں گے۔ منصوبے کی تکمیل پر چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، منصوبہ پاک چین دوستی کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا

متعلقہ عنوان :