این اے 125کا فیصلہ کسی صورت بھی جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پر اثر انداز نہیں ہوگا، ماہرین

منگل 5 مئی 2015 13:38

این اے 125کا فیصلہ کسی صورت بھی جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پر اثر انداز ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) الیکشن ٹریبونل کا این اے 125کا فیصلہ کسی صورت بھی جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پر اثر انداز نہیں ہوگا تاہم اس پر قانونی ماہرین و مبصرین کی مختلف رائے پائی جاتی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹربیونل کے فیصلہ کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے میں انتخابی بے ضابطگیوں کے ثبوت جو الیکشن ٹریبونل کو مہیا کئے گئے اہم کردار ادا کرینگے تاہم الیکشن ٹربیونل عوامی نمائندگی ایکٹ 1976 کی دفعہ 70 کے تحت مجاز رکھتی ہے کہ وہ بھاری دھاندلی واضح ہونے پر الیکشن کالعدم قرار دے ۔

تاہم دوسرے فریق کو اس صورت میں اعلیٰ عدالتوں میں ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف چیلنج کرنے کا حق حاصل ہے ۔ دوسری طرف جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پر کئے گئے ایک سوال کے جواب میں جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود کا کہنا تھا کہ این اے 125 کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پر براہ راست اثر انداز نہیں ہوگی کیونکہ جوڈیشل کمیشن کا حتمی فیصلہ اس بنیاد پر ہوگا کہ دھاندلی منظم طریقے سے ہوئی یا غیر منظم ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی ٹربیونل جسٹس وجہیہ الدین نے بھی اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹربیونل کا فیصلہ عدالتی کمیشن پر کوئی اثر انداز نہیں ہوگا تاہم کمشن ٹریبونل کے فیصلے کی جانچ پڑتال کرنے کا مجاز رکھتا ہے ۔