اینٹی کرپشن پولیس نے ساڑھے چار کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں محکمہ جنگلات کے تین افسران کو گرفتار کرلیا

منگل 5 مئی 2015 13:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) اینٹی کرپشن پولیس بدین نے ساڑھے چار کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں محکمہ جنگلات کے سابق چیف کنزرویٹر ریاض وگن کو دیگر دو سابق افسران سمیت گرفتار کرلیاہے۔چند ماہ قبل کرپشن کا مقدمہ درج ہونے پر معطل کیے گئے تین سرکاری افسران کو اینٹی کرپشن سرکل بدین نے حراست میں لے لیا۔کرپٹ افسران میں محکمہ جنگلات کے سابق چیف کنزرویٹر ریاض وگن ، الطاف جیسر اور غلام حیدر چانڈیو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن سرکل بدین کے افسر یار محمد نظامانی نے گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے ، محکمہ جنگلات کے سابق افسران کو گرفتاری کے بعد اینٹی کرپشن حیدرآباد کے دفتر لایا گیا تاہم بعد میں مذید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ تینوں سابق سرکاری افسران کو اینٹی کرپشن سرکل بدین نے مقدمہ نمبر 1 اوبلک 2015 کے تحت گرفتارکیاہے جس میں جنگلات کی زمینوں پر قبضے اور جنگلات کی لکڑی کو غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔مقدمے کے تحت ان کرپٹ افسران نے خورد برد میں محکمہ جنگلات کو ساڑھے چار کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ بدین میں بینظیر بھٹو پارک پر بھی اٹھائیس لاکھ کی کرپشن کی تھی۔

متعلقہ عنوان :