سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی نے ایمرجنسی ریلیف فنڈ قائم کر دیا

منگل 5 مئی 2015 12:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی نے ایمرجنسی ریلیف فنڈ قائم کر دیا ، پشاور میں طوفان سے متاثرہ لوگوں کیلئے10 لاکھ روپے کی رقم عطیہ کی گئی ہے ۔سینیٹ کی بزنس ایڈائزی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی کی زیر صدار ت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ کمیٹی کے ممبران نے تجویز پیش کی کہ سینیٹرز کی ماہانہ تنخواہ میں سے 2 ہزارروپے فنڈ میں عطیہ کر دیئے جایا کریں تاکہ حاد ثات پیش آنے پر لوگوں کی مدد کی جاسکے اس تجویز پر چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی لیڈارن کا اپنی پارٹی کے سینیٹر ز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ سینیٹ بزنس ایڈوائزی کمیٹی ہرسال چاروں صوبوں اور فاٹا کے دورے کیا کرے گی تاکہ صوبوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی جاسکے ۔

(جاری ہے)

میاں رضاربانی نے کہا کہ صوبے ایوان بالاء کے حلقوں کا درجہ رکھتے ہیں اور سینیٹ کا وفد صوبوں میں جا کے وزراء اعلیٰ ، سپیکر صوبائی اسمبلی ، قائد حزب اختلاف اور وزراء برائے داخلہ ، خزانہ اور پلاننگ سے ملاقات کیا کرے گا ۔

اس سال کا پہلا دورہ صوبہ پنجاب میں سینیٹ کا سیشن ختم ہونے کے بعد کیا جائے گا ۔پارلیمانی لیڈاران کو چیئرمین سینیٹ کی طرف سے ہدایت کی گئی کہ موجودہ اجلاس کے دوران سینیٹ کی کمیٹیوں کے چیئرمین کے الیکشن کا مرحلہ مکمل کر لیا جائے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ اجلاس 17 مئی تک جاری رہے گا۔بزنس ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں قائد ایوان سینٹر راجہ ظفر الحق ، سینیٹر سعید غنی ، سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا ، سینیٹر طاہر مشہدی ،سینیٹر الیاس بلور، سینیٹر طلحہ محمود ، سینیٹر نعمان وزیر ، سینیٹرمشاہد حسین ، سینیٹر میرحاصل بزنجوم، سینیٹر مظفر حسین شاہ ، سینیٹر محمد عثمان، سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی، سینٹر ہدایت اللہ ، سیکرٹری سینیٹ امجد پرویزاور سینیٹ سیکرٹریٹ کے دیگر حکام شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :