مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بھارتی حکومت کے پاس کوئی جادوائی چھڑی نہیں‘ وی کے سنگھ

منگل 5 مئی 2015 12:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) سابق فوجی سربراہ اور امور خارجہ کے مرکزی وزیر مملکت جنرل (ر) وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے حکومت ہند کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے یہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے اس کے حل کیلئے وقت درکار ہے اور ضمن میں نئی ریاستی حکومت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری دی اور اجمیر کے سرکٹ ہاؤس میں بی جے پی لیڈران کے ساتھ بند کمرے کی میٹنگ اور بعض کانگریس رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران وی کے سنگھ نے کئی موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کشمیر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوئی ایسا آلہ نہیں ہے کہ کشمیر کا مسئلہ بتن دباتے ہی حل ہو جائے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے اور اس کے حل میں وقت درکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے۔ جموں کشمیر کی نئی حکومت اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور اسے معاملات درست کرنے کیلئے وقت کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھاتا رہا ہے اور سرحدوں پر قیام امن کیلئے سخت محنت کر رہا ہے۔ وی کے سنگھ نے بتایا کہ مرکزی سرکار اندرونی سلامتی سے متعلق معاملات پر کڑی نگاہ کرھے ہوئے ہے تاہم انہوں نے اجمیر اور راجستھان سے متعلق بعض متنازعہ معاملات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ مرکزی وزیر مملکت نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو اپنی تمام تر توجہ بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے پر مرکوز کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے اقلیتوں کے معیئار زندگی میں بہتری واقع ہو گی اور انہیں روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل دستیاب ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب نواز نے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں امن‘ محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔