نیپال میں زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی امدادی کارروائیاں جاری

منگل 5 مئی 2015 11:51

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) نیپال میں زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، دو سی ون تھرٹی طیارے امدادی سامان لیکر کھٹمنڈو پہنچ گئے، سامان میں 700 خیمے اور چار سو کلوگرام ادویات بھی شامل ہیں۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مزید 2 سی 130 طیارے ادویات اور امدادی سامان لے کر نیپال روانہ گئے ہیں۔

امدادی سامان میں غذائی اشیاء ، ٹینٹ اور 400 کلو گرام ادویات بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کے 6 طیارے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے نیپال روانہ بھیجے جا چکے ہیں۔نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 366 ہو گئی ہے، جبکہ ساڑھے 14ہزار زخمی ہیں۔ 60یورپی شہریوں سمیت 112غیر ملکی تا حال لاپتا ہیں نیپال میں 25 اپریل کو آنے والا ہولناک زلزلہ تباہی کے سیکڑوں نشان چھوڑ گیا۔

(جاری ہے)

دارالحکومت کٹھمنڈو میں تو زندگی معمول پر آگئی ہے۔ لیکن دور دراز علاقوں میں کئی روز بعد ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ریلیف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔عالمی ادارہ خوراک سمیت دیگر عالمی اداروں کے رضاکاروں نے پہلی بار ان علاقوں میں کھانے پینے کا سامان تقسیم کیا۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے مطابق زلزلے سے سترہ لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں جو اپنے خاندان ،گھر ، اسکول اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہوگئے ہیں۔

تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے لاشیں نکلنے کا سلسلہ جاری ہے ، نیپالی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد10ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ نیپالی حکام کے مطابق زلزلے کے باعث 57 غیر ملکی ہلاک جبکہ 112 لاپتا ہیں۔ادھر، یورپی یونین کا کہنا ہے کہ زلزلے سے نیپال میں 13یورپی شہری ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ 60تاحال لاپتا ہیں

متعلقہ عنوان :