مالدیپ کے صدر دو روزہ دورے پر کل پاکستان آ ئیں گے

منگل 5 مئی 2015 11:50

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) مالدیب کے صدرعبداللہ یامین عبدالقیوم دو روزہ دورے پر کل بدھ کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدرعبداللہ یامین وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔ترجمان کے مطابق مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم دو روزہ دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف اور اپنے ہم منصب صدر ممنون حسین سے ملاقات کریں گے۔

صدر ممنون کی جانب سے مہمان صدر کے اعزاز میں ضیافت بھی دی جائے گی۔ترجمان نے بتایا کہ صدر عبداللہ یامین کے دورے کے دوران پاکستان اور مالدیپ کے مابین باہمی تعلقات پر بات کی جائے گی جبکہ کھیل، تعلیم، صحت، منشیات اور نارکوٹکس کی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بھی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تسنیم اسلم کے مطابق پاکستان اور مالدیپ کے درمیان قریبی خوشگوار تعلقات ہیں، جو اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ مالدیپ کے صدر نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان آنا تھا، تاہم وہ دورہ منسوخ کردیا گیا تھا۔رواں سال کئی غیر ملکی شخصیات پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں، جن میں سری لنکا اور چین کے صدر شامل ہیں، چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران کئی ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :