اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلم چوہدری کو کمرشل اتاشی تعینات نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی

پیر 4 مئی 2015 23:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4 مئی۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے محمد اسلم چوہدری کو کمرشل اتاشی تعینات نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق این قریشی نے اپنے چیمبر میں کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر افضل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم کنڈی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیمبر میں سماعت کے دوران وزیر اعظم کے سیکرٹری جاوید اسلم نے فاضل عدالت کو کیس کے حوالے سے بریفنگ دی جس کے بعد فاضل جج نے مقدمے کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 27 نومبر 2014ء کو سرکاری وکیل کی یقین دہانی پر محمد اسلم چوہدری کو 15 روز میں ٹریڈ افسر (کمرشل اتاشی) تعینات کرنے کی ہدایت کی تھی ، عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر درخواست گزار نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔