وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کو کرپشن کے خلاف اقدامات کرنے کیلئے خط لکھا ہے، کرپشن ناقابل برداشت ہے، اگر قانون میں ترمیم کرنا پڑی تو کریں گے،حکومت نے تمام وزارتوں کا صوابدیدی فنڈ ختم کر دیا ہے،وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کا سینیٹ میں سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی کرپشن بارے قرار داد پراظہار خیال

پیر 4 مئی 2015 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4 مئی۔2015ء) وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے تمام وزارتوں کو کرپشن کے خلاف اقدامات کرنے کیلئے خط لکھا ہے، کرپشن ناقابل برداشت ہے،ا گر قانون میں ترمیم کرنا پڑی تو کریں گے۔وہ پیر کو یہاں سینیٹر کرنل(ر) طاہر حسین مشہدی کی جانب سے پیش کردہ کرپشن بارے قرار داد پر بحث سمیٹ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن پاکستان کا اہم ترین اور درد ناک مسئلہ ہے جس کے خاتمے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے تا کہ اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جاسکے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے متام وزارتوں کو خط لکھا ہے کہ کرپشن کے خلاف فوری طور پر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام وزارتوں کا صوابدیدی فنڈ ختم کر دیا ہے جبکہ اگر کرپشن کو روکنے والے قوانین میں اگر کوئی کمزوری ہے تو حکومت ترمیم کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

قبل اس کے ایم کیو ایم کے سینیٹر کرنل(ر) طاہر حسین مشہدی نے سینیٹ میں قرار داد پیش کی کہ ایوان میں کرپشن کے مسئلے کو زیر بحث لایا جائے ، جس پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ کرپشن کا زہر ہمارے تمام سرکاری اداروں میں سرایت کر چکا ہے، اس کو نچوڑ پھینکنے کیلئے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے۔ اے این پی کے سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ حکومت سب سے پہلے اپنے اندر سے کرپشن ختم کرے جب تک بڑے لوگوں کو نہیں پکڑا جائے گا کرپشن ختم نہیں ہو گی۔ مذکورہ قرار داد پر بحث میں سینیٹر نہال ہاشمی، سینیٹر عثمان کاکڑ، سینیٹر سعید غنی و دیگر نے حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :