Live Updates

الیکشن ٹربیونل کے فیصلے میں کہیں نہیں کہا گیا کہ سعد رفیق نے دھاندلی کی ، عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں ، این اے 125 میں ہم پرلگائے گئے دھاندلی کے الزامات ثابت نہیں کیے گئے ،حلقے میں انتخابات سے چند گھنٹے قبل 50 سے زائد ریٹرننگ افسران پی ٹی آئی کے کہنے پر تبدیل کیے گئے ، مفروضوں پر بات نہیں کرتے ، حقائق سامنے آئیں گے تو دیکھیں گے ،عمران خان نجومی ہیں جنھیں مستقبل کا پتہ چل جاتا ہے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کریں گے ، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کی نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 4 مئی 2015 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے میں کہیں نہیں کہا گیا کہ سعد رفیق نے دھاندلی کی ، عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں ، این اے 125 میں ہم پر دھاندلی کے الزامات لگائے گئے لیکن ثابت نہیں کیے گئے ، این اے 125 میں انتخابات سے چند گھنٹے قبل 50 سے زائد ریٹرننگ افسران پی ٹی آئی کے کہنے پر تبدیل کیے گئے ، مفروضوں پر بات نہیں کرتے ، حقائق سامنے آئیں گے تو دیکھیں گے ۔

پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کی طرف سے 80 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا گیا جس میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا گیا کہ این اے 125 میں سعد رفیق نے دھاندلی کروائی ۔ ہم پر دھاندلی کے الزامات تو لگائے گئے لیکن آج تک ثابت نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جن جج صاحبان نے فیصلہ کیا ہے ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن ہمیں اپنے تحفظ کا حق حاصل ہے ، ہم اس کے خلاف اپیل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ این اے 125 میں انتخابات سے چند گھنٹے قبل پی ٹی آئی کے رہنماء حامد خان کی درخواست پر 50 سے زائد ریٹرننگ افسران تبدیل کیے گئے اور تحریک انصاف نے جن لوگوں کا کہا انہیں وہاں پر تعینات کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ڈکشنری میں دباؤ کا لفظ کہیں نہیں ہے ، ٹربیونل کے فیصلے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کریں گے ہم مفروضوں پر بات نہیں کرتے ۔ حقائق سامنے آئیں گے تو پھر دیکھیں گے ۔ عمران خان نجومی ہوں گے یا انہیں مستقبل کا پتا چل جاتا ہے اسی لئے وہ مستقبل کے فیصلوں کے بارے میں رائے دیتے رہتے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات