گلگت بلتستان فیسٹیول صوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور پنجاب اور گلگت بلتستان کے تاجروں میں تعلقات کی راہیں کھولنے کی مثبت کوشش ہے،سیکرٹری سیاحت گلگت سید ہادی

پیر 4 مئی 2015 22:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) گلگت بلتستان فیسٹیول کے ذریعے صوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور پنجاب اور گلگت بلتستان کے تاجروں میں مضبوط اور پائیدار کاروباری تعلقات کی راہیں کھولنے کی مثبت کوشش کی گئی ہے جسے اب ر کنا نہیں چاہیے۔ یہ بات گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاحت سید ہادی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے معاشی پوٹینشل کی وضاحت کی اور کہا کہ پنجاب کے صنعتکار اور تاجر اس صوبے میں سیاحت، زراعت، جم اور جیولری اور کان کنی سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جبکہ یہاں انہیں بجلی وافر مقدار میں ملنے کے علاوہ یہاں لگنے والی نئی صنعتوں کو ٹیکس سے بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جامعہ زرعیہ میں گلگت بلتستان کے طلبہ کے مطالبہ کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان فیسٹیول فیصل آباد میں ہر سال ہونا چاہیئے۔

انہوں نے چیمبر کے پلیٹ فارم سے اعلان کیا کہ یہ 2 روزہ فیسٹیول آئندہ ہر سال ہوگا۔ انہوں نے 22 ستمبر سے شروع ہونے والے سلک روٹ فیسٹیول کے بارے میں بھی بتایا اور فیصل آباد چیمبر کے وفد کوبھی اس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ 3 دن سیر و تفریح میں صرف کریں جبکہ 2 دن کیلئے ان کو سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں متعلقہ اداروں کی طرف سے بریفنگ دی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ اس صوبہ میں دنیا کی 5 بلند ترین چوٹیوں کے علاوہ کئی جھیلیں اور گلیشیئر ہیں جبکہ یہا ں ڈومیسٹک ٹورازم کے ساتھ ساتھ ایڈونچرٹورازم کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔گلگت بلتستان کے جمیل الدین نے وہاں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یہ صوبہ دنیا کے قیمتی پتھروں کا پانچواں بڑا مرکز ہے ۔ یہاں سے 95 فیصد پتھر خام صورت میں جرمنی، بھارت اور سری لنکا برآمد ہوتے ہیں۔

یہ ملک ہمارے پتھر کی پروسیسنگ کے بعد فروخت سے بھاری منافع کما رہے ہیں۔ ہارٹیکلچر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ڈرائی فروٹ کے علاوہ یہاں لاکھوں من پھل پیدا ہوتے ہیں جن سے پلپ تیار کرکے اسے نہ صرف سال بھر استعمال کیا جا سکتا ہے بلکہ اسے برآمد بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کے لوگ سدھے سادھے ہیں جن پر کاروبار کیلئے اعتماد کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے فیصل آباد کے تاجروں اور صنعتکاروں کی طرف سے فیصل آباد میں گلگت بلتستان فیسٹیول کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اورکہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور نے اس خطہ کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے اور آنے والے سالوں میں یہ علاقہ چین کے علاوہ وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارت کے فروغ کیلئے اہم اور کلیدی کردار ادا کر ے گا۔

انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے اس خطے کو قیمتی پتھر وں اور پھلوں سے نوازا ہے جن کے استعمال سے نہ صرف اس خطے میں ترقی ہوسکتی ہے بلکہ یہاں سے پاکستان کو بھی بھاری محاصل حاصل ہونگے۔ انہوں نے سیکرٹری سیاحت سید ہادی کے گزشتہ دورے کا ذکر کیا جس میں گلگت بلتستان فیسٹیول کے حوالے سے ابتدائی بات چیت ہوئی تھی۔ انجینئر رضوان اشرف نے کہا کہ سید ہادی کے دوری کے باوجود یہاں فیسٹیول کرانے کا وعدہ پورا کیا ہے جس کیلئے وہ ان کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ فیصل آباد چیمبر بھی فیصل آباد کو گلگت بلتستان میں متعارف کرانے کیلئے اسی قسم کا فیسٹیول گلگت میں منعقد کرے۔ اس سے قبل گلگت بلتستان بارے ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ سوال و جواب کی نشست میں انجینئرسہیل بن رشید، شیخ عبدالقیوم ، ظفر اقبال سرور، چوہدری محمد نواز، فیضر نواز فیضی نے حصہ لیا۔ بعد میں چیمبر کے سابق صدر شیخ خالد حبیب نے سید ہادی کو یادگاری شیلڈبھی پیش کی

متعلقہ عنوان :