جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کئمپسز میں سال 2015 کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات پرامن انداز میں شروع ہوگئے

پیر 4 مئی 2015 22:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کئمپسز میں سال 2015 کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات پرامن انداز میں شروع ہوگئے ، شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ طاہرانی نے جامعہ کے مسجل غلام محمد بھٹو، ناظم امتحانات (سیمسٹر) محمد علی روشن پٹھان، ناظم امتحانات (سالانہ) غلام مرتضیٰ سیال و دیگر افسران و اساتذہ کے ساتھ امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانات کے عمل کا جائزہ لیا، شیخ الجامعہ نے اس موقع پر امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کئمپسز محترمہ بینظیر بھٹو شہید کئمپس دادو، لاڑ کئمپس بدین، سید الہندو شاہ کئمپس نوشہروفیروز، سندھ یونیورسٹی کئمپس ٹھٹہ، میرپورخاص، لاڑکانہ اور یونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنسز بھٹ شاہ میں پرامن ماحول میں فرسٹ سیمسٹر 2015 کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں، جہاں ہزاروں طلباء نے اپنے پرچے دیئے۔

(جاری ہے)

علامہ آئی آئی قاضی کئمپس جامعہ سندھ میں ہونے والے امتحانات کے موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ طاہرانی نے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ پہنچ کر امتحانی عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اکنامکس، سندھی، اردو، پولیٹیکل سائنس، پبلک ایڈمنسٹریشن و دیگر شعبوں میں جاکر امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی کے بہتر اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

شیخ الجامعہ سندھ نے اس موقع پر امتحان دینے والے طلبہ و طالبات سے ان کے سوالناموں سے متعلق معلومات لی اور انہیں مکمل توجہ سے پرچے حل کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر طاہرانی نے کہاکہ جامعہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی گئی ہے اور اب طلبہ و طالبات پرامن ماحول میں امتحانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی اپنیسیکیورٹی کے علاوہ پولیس اور رینجرز کی بھرپور کوشش کی وجہ سے پوری یونیورسٹی کے اندر امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ میں میرٹ کو فروغ دلانے کے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکشنز کے سربراہوں کی جانب سے پیشیورانہ انداز میں اپنی خدمات سرانجام دینے کی وجہ سے یونیورسٹی کے معاملات زبردست انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات مکمل ہونے کے بعد امتحانی نتائج بھی بروقت جاری کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :