حلقہ این اے 125 کے فیصلے کے حوالے سے اپیل کر نے یا نہ کر نے کا فیصلہ پارٹی قیادت کریگی ٗ مشاہد اﷲ خان

دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ٗ بیان

پیر 4 مئی 2015 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء)وفاقی وزیر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 125 کے فیصلے کے حوالے سے اپیل کر نے یا نہ کر نے کا فیصلہ پارٹی قیادت کریگی ٗافغان طالبان سے جاری مذاکرات کی کامیابی سے خطہ میں امن قائم ہو گا۔ پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹربیونل کے فیصلے درست بھی ہو سکتے ہیں اور غلط بھی، اسی لئے ان فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق دیا جاتا ہے این اے 125کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ کنٹونمنٹس کے انتخابات میں عوام نے بھاری اکثریت سے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے کر ثابت کر دیا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ہی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں مشاہد اﷲ خان نے کہا کہ طویل عرصہ سے افغان طالبان، امریکہ، نیٹو اور افغان حکومت کے آپس میں رابطے تھے تاہم باہمی اعتماد کے فقدان کے باعث کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا تاہم نئی افغان حکومت کے آنے کے بعد فریقین میں باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر میں جاری مذاکرات کامیاب ہونے چاہیے، اس سے ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام آئیگا۔ایک سوال کے جواب میں مشاہد اﷲ خان نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو امن کا گہوارہ بنائینگے ۔