رواں سال اکتوبر کے دوران ’’ہفتہ گندھارا ‘‘شاندار انداز میں منایا جائے ٗسمری وزیر اعظم کو پیش کی جانی چاہیے ٗ پرویز رشید

تقریبات میں شرکت کیلئے بدھ مت تہذیب کے 11 ممالک کو دعوت دی جائے ٗ اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت دہشتگردی سے پاکستان میں سیاحت بری طرح متاثر ہوئی ٗجمہوری حکومت نے سیاحت کی صنعت کو بحال کرنے کا عزم کر رکھا ہے ٗخطاب

پیر 4 مئی 2015 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) فاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر کے دوران ’’ہفتہ گندھارا ‘‘شاندار انداز میں منایا جائے ٗاس حوالے سے سمری منظوری کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو پیش کی جانی چاہیے۔وہ پیر کو یہاں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام سے کہا کہ تقریبات میں شرکت کیلئے بدھ مت تہذیب کے 11 ممالک کو دعوت دی جائے جس میں بدھ سکالروں، صحافیوں، ادیب اور ٹریول ایجنٹس شرکت کریں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف ممالک کے سفیروں، لوکل ٹور آپریٹرز، ٹریول ایجنٹس، ہوٹل انتظامیہ اور صحافیوں کو بھی دعوت دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں سیاحت کے فروغ کا تہیہ کر رکھا ہے اور گندھارا تقریبات سے ثقافتی سیاحت کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان میں سیاحت بری طرح متاثر ہوئی تاہم وزیراعظم نواز شریف کی قیادت کے تحت موجودہ جمہوری حکومت نے سیاحت کی صنعت کو بحال کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ حکومت امن کی بحالی کیلئے تمام کوششیں کر رہی ہے تاکہ سیاحوں کو ملک کے مختلف سیاحتی مقامات کے دورہ کیلئے سازگار فضا فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھرپور اور متنوع ثقافتی و مذہبی ورثہ ہے اور پاکستان میں سیاحت کیلئے سب کچھ موجود ہے۔ انہوں نے سیاحتی مقامات کو مزید بہتر بنانے اور ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سیاحت کی صنعت کی ترقی سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ غیر ملکی سیاحوں اور زرمبادلہ کی ترغیب سے اقتصادی ترقی بھی ہو گی۔

بورڈ کے 81ویں اجلاس میں پی ٹی ڈی سی کے افسران کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف مختلف انکوائریز کے حوالہ سے فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالہ سے معاملہ کو ایک انکوائری افسر کی تقرری کیلئے کابینہ ڈویژن کو ریفر کیا جائے۔ بورڈ نے فنڈز کی دستیابی کی صورت میں پی ٹی ڈی سی کے دفتر کو اسلام آباد منتقل کرنے اور پی ٹی ڈی سی ایمپلائز یونین کے چارٹر آف ڈیمانڈز کی بھی منظوری دی۔ خیبرپختونخوا کی حکومت کو املاک کی منتقلی کے معاملہ پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ہمیں اس پر معزز عدالت کے فیصلہ کا انتظار اور احترام کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :