حکومت اساتذہ برادری کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورمعاشرے میں جائز مقام دلوانے کے لئے انھیں ہر ممکن مراعات دے گی

سینئر وزیر عنایت اﷲ خان و وزیر خزانہ مظفر سید کی وفد سے گفتگو

پیر 4 مئی 2015 22:03

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء )سینئر وزیر عنایت اﷲ خان و وزیر خزانہ مظفر سید نے کہا ہے کہ حکومت اساتذہ برادری کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورمعاشرے میں جائز مقام دلوانے کے لئے نہ صرف ان کو ہر ممکن مراعات دے گی بلکہ بجٹ کی تیاری میں بھی ان سے مشاورت کرے گی۔یہ بات انہوں نے آل پاکستان ٹیچرز کوآرڈینشن کونسل کے ایک وفد سے پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کی۔

جس کی قیادت کونسل کے رہنما خیر اﷲ حواری نے کی۔اجلاس میں محکمہ خزانہ و تعلیم کے حکام نے بھی شرکت کی۔وفد نے صوبائی وزراء کوٹائم سکیل کے اجراء،فزیکل ٹیچرز،معلمین دینیات اور سی ٹی ٹیچرز کی ختم کردہ پوسٹوں کی بحالی ،سکیل14سے ریکوری کے خاتمے،ٹیچرز سن کوٹہ کی بحالی،چارج الاؤنس میں اضافے،سائنس ٹیچنگ الاؤنس میں اضافے اورانٹرڈسٹرکٹ سینیارٹی مسئلے کے مناسب حل جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء نے وفد کے معروضات غور سے سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ٹھوس سفارشات مرتب کریں اور اساتذہ کے مسائل کے جائز حل کے سلسلے میں عملی اقدامات کریں۔ وفد نے صوبائی وزیر کا ان کی معروضات سننے او رحل کی یقین دہانی کرانے پر شکریہ ادا کیا اور قلیل عرصہ میں کلرکس اپ گریڈیشن،چار درجاتی فارمولے پر عملدرآمد،ہزاروں کی تعداد میں ریگولر پروموشن اور بھرتیوں اور محکمہ تعلیم میں اصلاحات جیسے اقدامات کو سراہا۔