بلوچستان میں مذہبی دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں کی گئی ہے،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرکے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے،بیان

پیر 4 مئی 2015 21:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قومی اسمبلی میں ملک کے داخلی سلامتی کے سلسلے میں دیئے گئے پالیسی بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کو شاید مخصوص علاقوں کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ہونیوالے مذہبی دہشت گردی کے واعات کے بارے میں معلومات حاصل نہیں یا موصوف وزیر کو اس بارے میں لاعلم رکھ کر امن وامان کی بحالی کے بڑے بڑے دعوے کئے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جون 2013کے بعد ہزارگنجی میں ہزارہ مسافروں کے سر پردھماکہ ،اس کے بعد سبزی فروشوں کے اندوہناک قتل کا واقعہ،مستونگ کے علاقے میں بس پر خودکش حملہ جبکہ چند روز قبل کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں 3ہزارہ مسافروں کے ٹارگٹ کلنگ کے واقعے سے وفاقی وزیر کے خوش نما دعوؤں کی صحیح صورتحال عوام کے سامنے واضح ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت بلوچستان میں مذہبی دہشت گردوں کے خاتمے کے سلسلے میں کسی طرح کی کامیابی حاصل نہ کرسکی اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی قسم کی پیش رفت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں پشاور میں اسکول پر حملے کے واقعہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان کا جس طرح اعلان کیا گیا۔اور اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم پاس کرائی گئی اس آئینی ترمیم کا فائدہ بلوچستان کو حاصل نہیں ہوا۔اب بھی مذہبی دہشت گرد کھلے عام گھوم رہے ہیں اور سیاسی جلسوں کے ذریعے ہزارہ قوم کے قتل عام کی ڈب سنچریاں بنانے کے دعوے کر رہے ہیں۔

یہاں یہ بھی ذکر کرنا ضروری ہے کہ ریڈ زون کے قریب و زیر اعلیٰ اور گورنر کی رہائشگاہوں کے قریب ہزارہ قوم کے قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کو انعامات اور اعزازات دیئے گئے۔مگر نہ صوبائی حکومت نہ وفاقی حکومت اور نہ ہی ملکی سلامتے کے اداروں نے اس شدید مذہبی انتہا پسندی کا نوٹس لیا اور نہ ہی بلوچستان میں مذہبی دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی کی گئی۔بیان میں وفاقی وزیر داخلہ سے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ بلوچستان کو بھی پاکستان کا حصہ سمجھ کر مذہبی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے مطابق ہر طرح کی مذہبی دہشت گردی سے پاک کرانے کیلئے کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :