ریکوڈ ک منصوبے بارے بریفنگ کے بعد منطقی طور پر تمام افواہیں دم توڑ گئیں

پیر 4 مئی 2015 21:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء)ریکوڈک سونے اور تانبے کے ذخائر کو بروئے کار لانے سے متعلق بین الاقوامی ثالثی ٹریبونلز میں ہونے والے فیصلوں اور اس معاملے پر اب تک کی پیش رفت سے متعلق ایک اہم بریفنگ کا اہتمام منگل کے روز بلوچستان اسمبلی میں کیا گیا، ممتاز ماہر قانون اور اس کیس میں حکومت کے وکیل احمر بلال صوفی نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین جن کا تعلق سرکاری اور اپوزیشن بینچوں سے تھا کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا، اپنی نوعیت کی اس منفرد بریفنگ کے بعد منطقی طور پر وہ تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں جو بعض عناصر کی جانب سے ریکوڈک کے معاملے پر عدم شفافیت کے حوالے سے چلائی جا رہی تھیں، بریفنگ کے دوران بین الاقوامی ثالثی ٹریبونل میں حکومت کی کامیابی کے سامنے آنے کے ساتھ ساتھ اس بات کی بھی وضاحت ہوگئی کہ ریکوڈک میں مائننگ کا لائسنس کے اجراء کے بارے میں ابھی کسی سے نہ کوئی بات ہوئی نہ کسی نے اس حوالے سے حکومت سے کوئی رابطہ کیا ہے جس سے واضح ہو گیا کہ اس سلسلے میں پھیلائی جانے والی تمام افواہیں بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن ہیں۔