کراچی آپریشن قابل تحسین ، تکمیل کیلئے تمام جماعتیں حکومت سے مکمل تعاون کریں،عبدالوہاب روپڑی

آپریشن کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث تمام شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے

پیر 4 مئی 2015 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) کراچی آپریشن قابل تحسین ہے۔ اس کی تکمیل کے لیے تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں حکومت سے مکمل تعاون کریں۔ ملک و قوم کی حفاظت کے لیے مامور پاک فوج کے خلاف زبان درازی کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر اور مولانا بشیر سلفی نے گذشتہ روز اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالوہاب روپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث تمام شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اجارہ داری قائم کرنے والے اور پاک سر زمین کو باپ کی جاگیر سمجھنے والے گھناؤنی مذموم کارروائیوں سے باز رہیں۔ بوری اور گولی کی سیاست کسی بھی طرح برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محب وطن جماعتیں کراچی آپریشن کی حمایت کرتے ہیں محض ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے والے شر پسند عناصر ہی اس سے نالاں ہیں۔