پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام 14مئی کو کل جماعتی تحفظ حرمین کانفرنس اسلام میں ہوگی

بعض شرپسند عناصر یمن کے معاملے کو شیعہ سنی مسئلہ بناکر فرقہ وارانہ تشدد کا راستہ ہموار کرنا چاہتے ہیں‘تحفظ حرمین الشریفین کانفرنس توہین آمیز خاکوں کی امریکہ میں نمائش امریکی حکومت کی کی دعوؤں اور منافقانہ پالیسیوں کی واضح دلیل ہے‘مقررین کا کانفرنس سے خطاب

پیر 4 مئی 2015 21:13

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) مسلم امہ کو اتحاد اور وحدت کی ضرورت ہے ، ایک طرف ارض حرمین پر حملے کے خطرات بڑھ رہے ہیں اور دوسری طرف توہین آمیز خاکوں کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کو مجروح کیا جارہاہے،پوری دنیا کے امن پسند توہین آمیز خاکوں اور ارض حرمین پر حملے کی دھمکیوں کیخلاف ہیں ،بعض شرپسند عناصر یمن کے معاملے کو شیعہ سنی مسئلہ بناکر فرقہ وارانہ تشدد کا راستہ ہموار کرنا چاہتے ہیں،توہین آمیز خاکوں کی امریکہ میں نمائش امریکی حکومت کی کی دعوؤں اور منافقانہ پالیسیوں کی واضح دلیل ہے۔

امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش کیخلاف جمعہ 8مئی کو ملک بھر میں پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)کے تحت ملک بھر کی 76ہزار سے زائد مساجد میں مذمتی قرار دادیں پیش کی جائیں گی،پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام 14مئی کو کل جماعتی تحفظ حرمین کانفرنس اسلام میں ہوگی۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان علماء کونسل فیصل آباد کے زیر اہتمام تحفظ حرمین الشریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم ،مولانا ایوب صفدر،شاہد رزاق سکا،مولاناعبد الحمید وٹو،قاری حنیف بھٹی ،مولانا ایوب صفدر،مولانا محمد امجد،مولانا نعمان حاشر،مولانا شفیع قاسمی،مولانا شبیر احمد عثمانی،مولانا قاری احمد علی ندیم ،مولانا عمار بلوچ،مولانا اشفاق پتافی ،مولانا احمد ندیم،،مولانا محمد اعظم نصیر یوسف وہرہ ودیگرنے خطاب کیا۔

کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔کانفرنس میں 26سے زائد سیاسی و مذہبی جماعتوں ،تمام مکاتب فکر و مذاہب کے قائدین نے شرکت کی۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا یوسف انورسعودی عرب پاکستان کا دوست ہے اور اپنے دوست ملک کی سلامتی اورحرمین شریفین کے دفاع کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو سعادت سمجھتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بدرالدین چوہدری نے کہا کہ حرمین شریفین کاتحفظ کواپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔حرمین الشریفین کا تحفظ صرف سعودی عرب نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کی ذمہ داری ہے۔ تحریک جعفریہ کے رہنماء سید احسان علی شاہ نے کہا کہ تحفظ حرمین الشریفین کیلئے پاکستان علماء کونسل کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جمعیت مشائخ پاکستان کے سربراہ پیر محمد فضل حق نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے جدوجہد میں اپنے ہزاروں کارکن رضاکارانہ طور پر پیش کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری کاشف نواز رندھاوا نے کہا کہ مسلمان اپنے مقدسات کا تحفظ کرنا جانتے ہیں ۔میاں طیب ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین کیلئے پورا عالم اسلام کٹنے کیلئے تیار ہے۔عالم اسلام کی دشمن قوتوں کو حرمین شریفین کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ملک بھر کے وکلاء پاکستان علماء کونسل کی تحریک میں شامل ہیں۔

جماعت اسلامی فیصل آباد کے ضلعی نائب امیر زمان خان نیازی نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور امن کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔جمعیت علماء پاکستان کے رہنما ریاض کھرل نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی بین المسالک بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انجمن تاجران کے رہنماء الحاج میاں بشیر احمد نے کہا کہ تاجر برادی حرمین کے تحفظ کیلئے پاکستان علماء کونسل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سابق میئر فیصل آباد ملک محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے دوست اور محسن ملک سعودی عرب کی ہر ممکن مددکرے۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ سعودی عرب کے تحفظ کیلئے خام الحرمین الشریفین اور سعودی عرب کے عوام کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔آج یہاں تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کیلئے جمع ہیں انشاء اﷲ ارض حرمین پر حملے کی دھمکیاں دینے والے ناکام ہوں گے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دنیا کا امن اسی صورت قائم رہ سکتا ہے جب مسلمانوں کے مقدسات اور آسمانی کتب کا احترام کیا جائے گا۔ یمن سعودی عرب کا مسئلہ شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے۔ارض حرمین الشریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔پوری پاکستانی قوم متفق ہے کہ حکومت پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تعاون کیلئے جس حد تک جانا پڑے جانا چاہئے۔

جو قوتیں یمن سعودی عرب کے مسئلہ پر پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے چاہتی ہیں حکومت ان پر کڑی نظر رکھے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی نوجوانوں کو دوسرے ممالک میں مسلمانوں کے قتل کیلئے بھیجنے والوں کیخلاف ایکشن لے۔حکومت پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کوآزادانہ طور پر بنائے۔ پاکستان علماء کونسل افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی مکمل تائئید و حمایت کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :