Live Updates

عمران خان کی ہدایت پر کارکنوں کا الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کی خوشی میں ملک گیر جشن ، مٹھائیاں تقسیم

کارکنوں کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ،پارٹی قیادت کے حق اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف میں نعرے بازی کرتے رہے ہم آج جہاں تک پہنچے ہیں یہ صرف دھرنے کا نتیجہ ہے،ٹریبونل کا فیصلہ آنے پر ایک بار پھر کہتا ہوں 2015ء ہی الیکشن کا سال ہے ‘ عمران خان الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ حق ،سچ کی فتح ہے ، اب اگلی باری سپیکر ایاز صاد ق کی ہے جنہیں اسی طرح گھر واپس جانا ہوگا‘ عبدالعلیم خان کا خطاب

پیر 4 مئی 2015 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر کارکنوں نے الیکشن ٹربیونل کے این اے 125اور پی پی 155کے فیصلے کی خوشی میں لاہور سمیت ملک گیر بھرپور جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں ، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور پارٹی قیادت کے حق اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف میں نعرے بازی کرتے رہے ، اس موقع پر پی ٹی آئی کی خواتین نے بھی زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز الیکشن ٹربیونل نے این اے 125مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد فیق اور حلقہ پی پی 155سے میاں نصیر کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں حلقوں میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا ۔ فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لاہور کی قیادت کو فون کر کے فیصلے کی خوشی میں بھرپور جشن منانے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ڈیفنس لالک چوک تحریک انصاف موومنٹ میں خاص اہمیت کا حامل ہے ، اسی مقام پر کارکنوں نے 100سے زائد دن دھرنا دے کر تاریخ رقم کی تھی ،عوام اس جشن میں شریک ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج جہاں تک پہنچے ہیں یہ صرف دھرنے کا نتیجہ ہے اگر ہم دھرنا نہ دیتے تو یہ لوگ 5سال تک ایسے ہی چلاتے جبکہ ٹریبونل کا فیصلہ آنے پر ایک بار پھر کہتا ہوں کہ 2015ہی الیکشن کا سال ہے اور (ن)لیگ کب تک قوم کو بے وقوف بنائے گی۔فیصلہ آتے ہی تحریک انصاف کے کارکن سڑکوں پرنکل آئے اور انہوں نے جشن منانا شروع کر دیا۔کارکن بڑی تعداد میں ڈیفنس کالونی اور دیگر علاقوں میں جمع ہوگئے جہاں انہوں نے حکومت کے خلاف اور پی ٹی آئی کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔

کارکن ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس فیصلے کو بارش کا پہلا قطرہ قرارد ے رہے تھے۔لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر اضلاع فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، مریدکے ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ ، ملتان میں بھی تحریک انصاف کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور جشن منایا ۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک بھر میں دوبارہ عام انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ این اے 125 میں دھاندلی ثابت ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے پاس حکومت میں رہنے کا کوئی جواز بنتا ۔

کارکنوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عدالتی کمیشن اس ٹریبونل کے فیصلہ کو بھی مدنظر رکھے گا اور ایک تاریخ ساز فیصلہ دے گا جس سے ملک میں حقیقی جمہوریت کی راہ ہموار ہوگی۔لاہور میں کارکنوں کی بڑی تعداد پی ٹی آئی پنجاب سیکرٹریٹ ، کینٹ آفس ، بھٹہ چوک اور صدر گول چکر سمیت لاہورکے مختلف مقامات پر اکٹھی ہو گئی اور بھرپور جشن منایا ۔ کارکن پارٹی قیادت کے حق میں بھرپور نعرے بازی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے ۔

پی ٹی آئی پنجاب سیکرٹریٹ میں کارکن کی بڑی تعداد نے بھرپور جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اورالیکشن ٹربیونل کا فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے رہے ۔ عبدالعلیم خان نے لاہور آفس میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے این اے 125کی دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب اگلی باری سپیکر ایاز صاد ق کی ہے جنہیں اسی طرح گھر واپس جانا ہوگا۔

اس موقع پر ایم پی اے میاں اسلم اقبال ،شعیب صدیقی ،میاں حامد معراج ،جمشید اقبال چیمہ ،میاں یامین ٹیپو ،خواجہ جمشید امام ،فرخ جاوید مون ،ڈاکٹر زرقا تیمور ،مسرت جمشید چیمہ ،بھی موجود تھیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور دھاندلی کو زیادہ دیر چھپایا نہیں جا سکتا ثابت ہو گیا کہ عمران خان کا موقف درست تھا اور 2سال تک پردہ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کوشرمندگی کاسامنا کرنا پڑا ہے اب وزراء اور سپیکر کو تنخواہیں اور آلاؤنس بھی واپس کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہر پارٹی ورکر کی کامیابی ہے ہم ایک با رپھر 2013کے نتائج کو غلط ثابت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سعد رفیق واپس آکر الیکشن لڑیں لگ پتہ جائے گا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات