چیئرمین واپڈا کی چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات

پیر 4 مئی 2015 21:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے واپڈا اور بلوچستان حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آر بی او ڈی III- پروجیکٹ کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں حکومت سندھ کی جانب سے بھرپور تعاون کیاجائے گا۔ وہ پیرکو اپنے دفتر میں مذکورہ پروجیکٹ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،جس میں چیئرمین واپڈا ظفر محمود ‘ سیکریٹری آبپاشی بلوچستان شیر زمان خان ‘ سیکریٹری آبپاشی سندھ ظہیر شاہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ آر بی او ڈی ( رائٹ بنک آؤٹ فال ڈرین) پروجیکٹ (RBOD-III) III- کی منظوری 7 جنوری 2004 کو عمل میں آئی تھی جس کی تکمیل 31 دسمبر 2015 کو متوقع ہے جبکہ محل و قوع میں بلوچستان کے اضلاع نصیر آباد و جعفر آباد اور سندھ کے اضلاع قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں اور 83% فی صد کے قریب طبعی کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے جبکہ 31 مارچ 2015 تک 6,321 اعشاریہ 124 ملین روپے لاگت صرف ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکاء نے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی ‘ سیکریٹری آبپاشی بلوچستان نے بعض مسائل کے حل کی درخواست کی ۔ چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے شرکاء اجلاس پر زور دیا کہ وہ موثر مشاورت پر مبنی حکمت عملی سے مسئلے کا حل یقینی بناسکتے ہیں ۔چیئرمین واپڈا نے تجویز پیش کی کہ نیس پاک یا کسی بھی دیگر مہارت رکھنے والے کنسلٹنٹ کے ذریعہ RBOD-III کی ری ۔

ایلائنمنٹ عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بلوچستان کے سیکریٹریز آبپاشی باہم اجلاس میں مسئلے کے حل کے لئے لائحہ عمل طے کریں گے جبکہ اس ماہ کے آخر میں تمام عاملین اشتراک کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں حتمی لائحہ عمل طے کیاجائے گا ۔ چیف سیکریٹری سندھ نے چیئرمین واپڈا اور دیگر مہمان شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :