گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے نہ صرف خطے میں معاشی استحکام پیدا ہوگا ،گورنر بلوچستان

لاکھوں لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ، اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے،محمد خان اچکزئی

پیر 4 مئی 2015 20:39

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے نہ صرف خطے میں معاشی استحکام پیدا ہوگا بلکہ لاکھوں لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نظام کی فعالیت اور خوبی کا انحصار اس کے ندر موجود خوداحتسابی میں ہوتا ہے تاکہ ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت ماہی گیری کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ماہی گیروں کے حقوق وفلاح وبہبود کے لئے پوری تندہی سے کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ عوام کو باہمی احترام اور رواداری کا درس دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کے نقطہ ہائے نظر کا احترام کرنا چاہئے۔ گفتگو کے دوران گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے شاہراہوں کی تعمیر کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ژوب اور لورالائی سے ڈیرہ غازی خان تک شاہراہ کی تعمیر سے علاقے کی پسماندگی دور کرنے اور یہاں کے رہنے والوں کو جدید سہولیات سے مستفید کرنے میں مدد ملے گی اور یہاں پیدا ہونے یاتیار ہونے والی اشیاء کی صوبے سے باہر دیگر منڈیوں تک رسائی ممکن ہوسکے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی کم اور بکھری ہوئی ہے اس لئے عوام تک رسائی اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں کئی دشواریاں حائل ہیں اس سلسلے میں گورنر کا کہنا تھا کہ نومنتخب بلدیاتی ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور ترقیاتی عمل کی نگرانی کے لئے ان نومنتخب عوامی نمائندوں سے مدد لی جاسکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے ساتھ ساتھ معاشی وتجارتی تعلقات قائم ہیں اور ان میں مزید بہتری لانے کے لئے سنجیدہ کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور بھرپور اقدامات کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ بعدازاں گورنر سے چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ، بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس امان اﷲ یاسین زئی اور رکن صوبائی اسمبلی عارفہ صدیق نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔