پارلیمانی لیڈرڈاکٹر سید وسیم اخترنے زمیندارکے ہاتھوں جلنے والے بچے پر توجہ دلاؤنوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع کروادیا

حکومت متاثرہ خاندان کو فی الفور انصاف اور بچے کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کرے‘ جماعت اسلامی پنجاب

پیر 4 مئی 2015 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے شیخوپورہ میں زمیندار کے ہاتھوں10سالہ بچے کے جلنے کے واقعہ پر توجہ دلاؤنوٹس پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادیا۔ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے جمع کرائے جانے والے توجہ دلاؤنوٹس میں کہا گیا ہے کہ’’کیا یہ درست ہے کہ3 مئی 2015ء کے قومی اخبارت میں شائع ہونے والی خبرکے مطابق ’’تھانہ فاروق آباد شیخوپورہ کے ایک زمیندار ’’قیوم ‘‘نے ایک مزارع کے 10سالہ بیٹے ’’ فریاد ‘‘کو گندم کے سٹے اٹھانے پر مشتعل ہو کر قریبی جلتے کھیت میں پھینک دیا ، جس سے بچے کا 70فیصدجسم جل گیا اور وہ اب تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل ہے‘‘۔

(جاری ہے)

’’اس مقدمے کی کیا تفصیل ہے ، اس پر اب تک کیا کاروائی کی گئی ہے۔ نیز اس مقدمے کی ایف آئی آرمہیا کی جائے اور اب تک کی ہونے والی کارروائی کی تفصیل سے ایوان کو آگاہ کیا جائے‘‘۔ علاوہ ازیں میڈیاکوجاری کردہ بیان میں ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہاکہ صوبے میں لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے یہ ملک سرمایہ داروں اور زمینداروں کا ہے عام آدمی کو اس میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

غریب اور عام لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے قانون نام کی کوئی چیزنظر نہیں آتی۔جب تک قانون کااطلاق امیر اور غریب کے لئے برابری کی سطح پر نہیں ہوجاتا ملک میں اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مطالبہ کیاکہ حکومت متاثرہ خاندان کو فی الفور انصاف فراہم کرے۔بچے کوعلاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔