17 جون کااحتجاج ثابت کردے گا کہ عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو نہیں بھولے،فاروق بٹ

پیر 4 مئی 2015 19:58

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک اسلام آبادضلعی کے نائب صدر فاروق بٹ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری حسن ملک نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کی نااہلی ڈاکٹر طاہرالقادری کے 2013جنوری کے دھرنے کے دوران غیر آئینی الیکشن کمیشن کی جانب سے ممکنہ دھاندلی کا پہلے سے قوم کو آگاہ کرنے والے موقف کی تائید اور پاکستان عوامی تحریک کی کامیابی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز فیڈرل کونسل کے اجلاس کے بعد عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیصل عمران نیازی،احسان اﷲ سیال ایڈووکیٹ،عرفان طاہر،عثمان بٹ،طالب حسین سہروردی و دیگر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں پوری تیاری کے ساتھ حصہ لیں گے ، پاکستان عوامی تحریک کو یونین کونسل سطح تک آرگنائز کرنے کا کام شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

10 نکاتی ایجنڈا ہمارا منشور ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکن آج بھی پر عزم اور ا نصاف کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بڑی سے بڑی قربانی کیلئے تیار ہیں۔جب تک عوامی تحریک کا ایک کارکن بھی زندہ ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔17جون کو ملک گیر احتجاج ہو گا،17 جون کااحتجاج ثابت کردے گا کہ عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو نہیں بھولے ،جب تک شہباز شریف وزیر اعلیٰ کے عہدے پر قابض ہے شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔لوڈشیڈنگ اور مہنگائی میں اضافہ حکمرانوں کی مکمل ناکامی ہے ۔ عوامی تحریک حکومتی جے آئی ٹی مسترد کرچکی ہے یہ صرف قاتلوں کو کلیئر کرنے کیلئے بنائی گئی ہے ۔