ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے خلاف بھارت کا اقوام متحدہ کو خط پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی کوشش ہے،بھارت مسئلہ کشمیرخود اقوام متحدہ لیکر گیا لیکن اس نے آج تک کسی قرارداد پر عمل درآمد نہیں کیا‘ بھارت اگر پاکستان کے عدالتی فیصلوں کوتسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں تو اس کے جھوٹے پروپیگنڈا کو کس طرح قبول کیاجاسکتا ہے

امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعیدکی میڈیا سے گفتگو

پیر 4 مئی 2015 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے خلاف بھارت کا اقوام متحدہ کو خط لکھنا پاکستان پر دباؤ بڑھانے اور عدالتی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔بھارت مسئلہ کشمیرخود اقوام متحدہ لیکر گیا لیکن اس نے آج تک کسی قرارداد پر عمل درآمد نہیں کیا ۔

پاکستان ایک آزاد ملک ہے۔ اگر بھارت پاکستان کے عدالتی فیصلوں کوتسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں تو اس کے جھوٹے پروپیگنڈا کو کس طرح قبول کیاجاسکتا ہے؟۔ ذکی الرحمان لکھوی کا مقدمہ عدالتوں میں زیر سماعت ہے ۔ہم پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں۔سوموار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے ذکی الرحمن لکھوی کے خلاف الزامات کسی عدالت میں ثابت نہیں ہو سکے۔

(جاری ہے)

انڈیا کہتا رہا ہے کہ وہ ممبئی حملہ کے حوالہ سے ثبوت فراہم کرے گا مگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا۔حقیقت میں انڈیا کی طرف سے فراہم کئے گئے ڈوزیئرز صرف میڈیا کے پروپیگنڈہ پر مبنی تھے جو عدالتی طریقہ کار میں قابل قبول نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم پر جب سے ذکی الرحمان لکھوی کو رہا کیا گیا ہے انڈیا نے بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کمیٹی کی قرارداد میں گرفتاری یا نظربندی کی کوئی بات شامل نہیں ہے ۔انڈیا بوکھلا کر کبھی امریکہ کے آگے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لئے واویلا کرتا ہے تو کبھی اقوام متحدہ میں۔ایسے کیس نہیں لڑے جاتے اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائے وگرنہ اسے خاموش ہو جانا چاہیے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اقوام متحدہ کو بھی پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے اور عدالتی عمل میں کسی صورت مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بارے میں کوئی بات نہ کرے،وہ پاکستان کا پانی روک رہا ہے اور دریاؤں پر ڈیم بنا کروطن عزیز کو صومالیہ بنانے کی سازشیں کر ر ہا ہے۔کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج دہشت گردی اور مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے ۔ ان جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر شور شرابہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کمیٹی کو خط لکھ کر بھارت نے اپنی شکست تسلیم کر لی ۔ایسا کرنا کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔