الیکشن ٹر یبونل کے بعد (ن) لیگ والے بتائیں کیاان میں شر م وحیا ہے ؟ این اے125 کے فیصلے کے بعد حکمرانوں کے پاس برسر اقتدار رہنے کا کوئی جواز نہیں بچا‘عمران خان کے موقف کی جیت ہو گئی ‘ ایاز صادق اور خواجہ آصف بھی اب گھر جانے کو تیار رہیں

تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کی الیکشن ٹر یبونل کے فیصلے کے بعد ہنگامی پر یس کا نفر نس

پیر 4 مئی 2015 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ این اے ایک سو پچیس کے فیصلے کے بعد حکمرانوں کے پاس برسر اقتدار رہنے کا کوئی جواز نہیں بچا‘الیکشن ٹر یبونل کے بعد خواجہ آصف بتائے کہ کیا (ن) لیگ والوں میں شر م وحیا ہے ؟‘عمران خان نے 4حلقے کھولنے کی بات کی اور آج ایک حلقے میں دھاندلی ثابت ہونے سے عمران خان کے موقف کی جیت ہو گئی ہے ‘سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘خواجہ آصف کو بھی اب گھر جانے کیلئے تیار رہنا چاہیے کیونکہ اگلی باری انکی ہے ۔

پیر کو الیکشن ٹر یبونل کے فیصلے کے بعد اپنے دفتر میں ہنگامی پر یس کا نفر نس سے خطاب میں اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا، یہ بات الیکشن ٹریبونل کے این اے ایک سو پچیس کے فیصلے سے ثابت ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

این اے ایک سو پچیس کا فیصلہ تحریک انصاف کے موقف پر ناقابل تنسیخ مہر ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ بارش کا پہلا قطرہ ہے‘ ابھی این اے ایک سو بائیس سمیت دیگر حلقوں کے فیصلے آنا باقی ہیں، جو تحریک انصاف کے حق میں آئیں گے۔

چھ مئی کو جوڈیشل کمیشن کو دھاندلی کے بڑے ثبوت دیں گے۔ پی ٹی آئی پنجاب کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ اب جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں کے پاس کوئی جائے فرار نہیں‘موجودہ حکمرانوں کے پاس برسراقتدار رہنے کاکوئی جواز موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا خواجہ آصف دوسروں کے بارے میں شر م وحیا کی بات کرتے ہیں اب الیکشن ٹر یبونل نے دھاندلی کی تائید کر دی ہے میں اب ان سے پو چھتا ہوں کی کیا (ن) لیگ والوں میں شر م وحیا ہے ؟اور وہ دھاندلی کو تسلیم کر رہے ہیں ۔