حکومت معیشت کو پٹڑی پر واپس لانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے ،بیوروکریسی اقدامات کو ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے‘ لاہور چیمبر

ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور کاروباری یونٹس پر بلاجواز چھاپے مارنے کے معاملات کا نوٹس لیا جائے

پیر 4 مئی 2015 19:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر زور دیا ہے کہ وہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور کاروباری یونٹس پر بلاجواز چھاپے مارنے کے معاملات کا نوٹس لیں کیونکہ اس سے تاجر برادری کی حوصلہ شکنی اور کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ حکومت معیشت کو پٹڑی پر واپس لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے لیکن بیوروکریسی تاجر برادری میں خوف و ہراس پھیلاکر ان اقدامات کو ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ ایک طرف تو ٹیکس دہندگان کے اکاؤنٹس تک رسائی کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات سے دوچار کررہا ہے اور دوسری طرف سیلز ٹیکس آڈٹ کے نام پر فیکٹریوں اور دوکانوں میں چھاپے مارکر پریشانیاں مزید بڑھائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

سید محمود غزنوی نے کہا کہ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایسے اقدامات کی وجہ سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ کاروبار دوست حکومت کی ساکھ بھی متاثر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور قوم نکلوانا آخری قدم ہونا چاہیے لیکن ریجنل ٹیکس آفسز/لارج ٹیکس پیئر یونٹس ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے فوری طور پر انتہائی قدم اٹھا رہے ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ ایف بی آر کوٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور انڈر انوائسنگ و سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں لیکن یہ واجبات کی وصولی کے نام پر ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرکے حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔

سید محمود غزنوی نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ایماندار ٹیکس دہندگان کا شکرگزار ہونا چاہیے جو ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں اپنا قومی فریضہ بہ احسن ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ماحولیات اور سوشل سکیورٹی بھی تاجروں کو تنگ کرکے جلتی پر تیل چھڑک رہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے ، اگر اسے توڑ دیا گیا تو پھر حکومت انتظامی امور چلانے کے لیے محاصل کہاں سے حاصل کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو سمیت دیگر اداروں کو پابند کیا جائے کہ تاجروں کو بلاجواز پریشان ہرگز نہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :