بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے روڈ میپ تشکیل دیا جا رہا ہے ، اگلے 10 روز میں منصوبے کا آغاز کر دیا جائے گا ‘راجہ اشفاق سرور

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے جدید ڈیٹا سسٹم کے ذریعے بھٹوں اور مزدوروں بارے جامع تفصیلات اکٹھی کی جا ئیں گی‘صوبائی وزیر

پیر 4 مئی 2015 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ محکمہ لیبر حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے 5600 بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے روڈ میپ کو حتمی شکل دے دی ہے ، لاہور ،شیخوپورہ ،قصوراور ننکانہ کے اضلاع میں اگلے 10 دنوں میں بھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے کام کا آغاز کر دیا جائے گا، منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے لائحہ عمل اور جامع سوالنامہ تشکیل دے کر تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کے ذریعے بھٹہ مالکان کو بھجوایا جائے گا، بھٹہ ملازمین ،ان کے اہل خانہ اور بچوں کے تفصیلی کوائف اکٹھا کرنے کے علاوہ بھٹوں کی تعداد بارے سو فیصد درست میپنگ اورقریب ترین تعلیمی اداروں کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا -نہوں نے یہ بات صوبہ بھر کے بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - سیکرٹری عشرت علی ، سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ رضوان شریف ،پراجیکٹ ڈائریکٹر برائے خاتمہ چائلڈ لیبر ڈاکٹر جاوید گل ، پراجیکٹ مینجر ریحان اور ملک نذیر اعوان نے اجلاس میں شرکت کی -راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہبازشریف کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لیبر بھٹوں پر بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لئے کریش پروگرام کے تحت اقدامات عمل میں لا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے 36 اضلاع میں جامع اور تفصیلی سروے و سٹڈی کے بعد اس حوالے سے بنائے منصوبے کو فائنل شکل دے کر وزیر اعلی محمد شہباز شریف کو ایکشن پلان بارے حتمی رپورٹ پیش کی جائے گی - انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تمام نئے کھلنے والے بھٹہ خشت ، ملازمین کی درست تعداد ، سوشل سیکورٹی رجسٹریشن اور دیگر تمام اہم معلومات انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈیٹا سسٹم کے ذریعے اپ ڈیٹ کی جائیں گی -انہوں نے بتایا کہ بھٹہ مالکان کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا اور منصوبے کی افادیت اور اہمیت اجاگر کرنے کے لئے ضلعی سطح پر سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی - راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیمی دائرہ کار میں لانے کے لئے نان فارمل اور فارمل ایجوکیشن کے ذریعے تعلیم کی جانب راغب کیا جائے گا - انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ہر 15 دن کے بعد اجلاس منعقد ہو گا اور پیش رفت بارے بریفنگ دی جائے گی -متعلقہ ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر کو چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے جزا اور سزا کے عمل سے گزرنا ہو گا ،سستی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی -چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لئے لیبر لاز میں بھی حتمی ترامیم کی جا رہی ہیں -

متعلقہ عنوان :