اسٹیل مصنوعات کی درآمد پر ڈیوٹی 40فیصد مزید بڑھائی جائے، پاکستان اسٹیل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن

پیر 4 مئی 2015 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) پاکستان اسٹیل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور لارج اسکیل ری رولرزنے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیل مصنوعات مثلاً اسٹیل بلٹس، بارز اور وائر راڈ کی درآمد پر 40فیصد مزید ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی جائے کیونکہ جنوری میں لگنے والی 15فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کانفاذانٹرنیشنل مارکیٹ میں اسٹیل کی گرتی ہوئی قیمت ، کسٹم ویلیویشن میں کمی اور غیر ملکی مینو فیکچررز کی کم لاگت کے سبب مقامی انڈسٹری کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکا ہے۔

اسٹیل مینو فیکچررز نے کہاکہ دنیا بھر میں اسٹیل کی بڑھتی ہوئی پیداوار اور ڈیمانڈ میں کمی کی وجہ سے بیرونی حکومتیں اپنی اسٹیل انڈسٹری کو بڑے پیمانے پر سبسڈی فراہم کررہی ہیں جس کی وجہ سے 15فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کے باوجود درآمدی اسٹیل مصنوعات مقامی انڈسٹری کیلئے ایک مسئلہ بنی ہوئی ہیں اور حکومت ہنگامی بنیادوں پر مزید 40فیصد ریگولیٹریڈیوٹی عائد کرکے بیرونی حکومتوں کی طرح اپنی اسٹیل صنعت کو بچانے کیلئے اقدامات اٹھا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے عہدیدارکے مطابق جنوری میں عائد کی گئی 15فیصد ڈیوٹی کی بدولت حکومت پاکستان نے اسٹیل مصنوعات کی درآمدات اور بڑھتی ہوئی مقامی پیداوارکے ذریعے اربوں روپے کی آمدن حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ 15فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کے باوجود حالیہ 4مہینوں میں 80ہزار ٹن سے زائد کی اسٹیل مصنوعات کی درآمد اس بات کا ثبوت ہے کہ درآمد کنندگان کو تاحال کافی مارجن دستیاب ہے اور وہ مقامی مصننوعات کے بجائے غیرملکی مصنوعات کو ترجیح دے رہے ہیں۔

عہدیدار نے بتایاکہ پاکستان کی زیادہ تر ری رولنگ ملز ملکی شپ بریکنگ انڈسٹری سے خام مال حاصل کرتی ہیں کیونکہ وہ کوئی دوسرا خام مال استعمال نہیں کرسکتی ہیں۔ لہٰذا اگر حکومت نے 40فیصد مزید ڈیوٹی عائد نہ کی تو شپ بریکنگ انڈسٹری کا مستقبل بھی داؤ پر لگ جائے گا۔ انہو نے کہاکہ 40فیصد مزید امپورٹ ڈیوٹی کے نفاذ سے مقامی اسٹیل مصنوعات کو اپنی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی جس سے دوسری بہت سی صنعتیں بھی ترقی کریں گی اور حکومت کو ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں اربوں کی آمدنی کے علاوہ ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ درآمدی مصنوعات کا فائدہ غیر ملکی کمپنیوں کو پہنچانے کے بجائے مقامی صنعت کے فروغ سے ملک اور معیشت دونوں کا فائدہ ہے اور حکومت کو اس اہم معاملے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ابتدائی طورپر حکومت سے اسٹیل مصنوعات کی درآمد پر 40فیصدڈیوٹی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے صرف 15فیصد ڈیوٹی عائد کی اب جبکہ حکومت ڈیوٹی عائد کرنے کے فوائد دیکھ چکی ہے لہٰذا اسے اسٹیل مصنوعات کی درآمد پر40فیصد ڈیوٹی عائد کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :